احسن خان کو ایوارڈ دیتے وقت بچوں کے جنسی استحصال پر کوئی جملہ نہیں کہا، یاسر

یاسر حسین وسیم بادامی کے شو پر جلوہ گر ہوئے —فوٹو/ اسکرین شاٹ
یاسر حسین وسیم بادامی کے شو پر جلوہ گر ہوئے —فوٹو/ اسکرین شاٹ

شوبز انڈسٹری سے تعلق رکھنے والے اسٹارز کو اکثر و بیشتر اپنے کچھ بیانات کی وجہ سے سخت تنقید کا سامنا کرنا پڑ جاتا ہے تاہم بعدازاں اس کی معافی مانگ کر معاملہ ختم بھی کیا جاسکتا ہے، کیوں کہ وہ ستارے بھی عام لوگوں کی طرح غلطی کرسکتے ہیں۔

لیکن اگر یہی ستارے ماضی میں کی گئی اپنی غلطیوں کو تسلیم کرنے کے بجائے انہیں مسترد کردیں خاص کر تب جب انہوں نے خود اس غلطی کی معافی بھی مانگی ہو تو یقیناً یہ بات کچھ پریشان کن ہے۔

ایسا ہی کچھ نامور پاکستانی اداکار اور کامیڈین یاسر حسین نے ایک شو کے دوران کیا۔

یاسر حسین وسیم بادامی کے شو کا حصہ بنے جہاں میزبان نے 2017 میں ہم ایوارڈز کے دوران یاسر حسین ایک نامناسب مذاق کرنے کے حوالے سے سوال کیا۔

یاد رہے کہ ایوارڈ شو میں جب احسن خان بچوں پر جنسی تشدد کے حوالے سے بننے والے ڈرامہ سیریل 'اڈاری' کے لیے بہترین اداکار (منفی کیٹگری) کا ایوارڈ وصول کرنے کے لیے اسٹیج پر آئے تو یاسر حسین نے کہا تھا، 'اتنا خوبصورت چائلڈ مولسٹر (بچوں کا جنسی استحصال کرنے والا)، کاش میں بھی بچہ ہوتا'۔

جس کے بعد اس ایوارڈ شو میں موجود افراد نے یاسر حسین پر تنقید کرتے ہوئے سوشل میڈیا پر اس معاملے پر آواز اٹھائی تھی جبکہ یاسر سے معافی مانگنے کا مطالبہ بھی کیا تھا۔

سماجی کارکن اور سیاست دان جبران ناصر نے بھی یاسر حسین کو سوشل میڈیا پر تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔

جس کے بعد یاسر حسین نے خود اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر مداحوں سے معافی مانگتے ہوئے ایک پوسٹ میں لکھا تھا کہ 'یہ جملہ میرے منہ سے بےساختہ نکلا تھا، میرا ارادہ کسی کا دل دکھانے کا نہیں تھا، مجھے افسوس ہے میں نے ایسا کہا کیوں کہ یہ جملہ اسکرپٹ میں شامل نہیں تھا'۔

البتہ جب وسیم بادامی نے یاسر حسین سے اس ہی حوالے سے سوال کیا تو اداکار نے اس بیان کو مسترد کرتے ہوئے بتایا کہ 'میں نے کبھی ایسا کوئی بیان کہا ہی نہیں، کسی نے دیکھا نہیں، کسی نے سنا نہیں، بس کسی نے مجھ پر غصہ نکال کر کچھ غلط ٹویٹ کردی اور ہماری عوام نے اس کا ساتھ دے دیا'۔

مزید پڑھیں: ہانیہ عامر کو ’دانے دار‘ کہنا یاسر حسین کو مہنگا پڑ گیا

جب وسیم بادامی نے یاسر حسین کو ان کی معافی یاد دلائی تو انہوں نے کہا کہ 'مجھے یاد بھی نہیں میں نے کہا کیا تھا، اس واقعے کی کوئی ویڈیو موجود نہیں، اس کا مطلب یہی ہے کہ ایسا کچھ ہوا نہیں، میں نے ایسا کچھ کبھی کہا ہی نہیں جس کا آپ ذکر کررہے ہیں'۔

عجیب بات یہ ہے کہ یاسر حسین ایک ایسے بیان کو مسترد کررہے ہیں جس کے لیے ماضی میں وہ خود کئی بار معافی مانگ چکے ہیں۔

2017 میں ڈان سے بات کرتے ہوئے اداکار نے کہا تھا کہ 'جب آپ بےساختہ کچھ کہتے ہیں تو کبھی کبھار کچھ باتیں ایسی بھی ہوجاتی ہیں جو مناسب نہیں، جو میں نے کہا، میرا ارادہ احسن خان کی تعریف کرنا تھا، اس کا بچوں کے جنسی استحصال جیسے معاملے سے کوئی تعلق نہیں تھا، لیکن اگر میرے بیان سے کسی کا دل دکھا، تو میں معافی مانگتا ہوں، امید ہے یہ معاملہ یہی ختم ہوجائے'۔

تبصرے (0) بند ہیں