افغانستان: سڑک پر نصب بم کے دھماکے میں 5 افغان پولیس اہلکار ہلاک

اپ ڈیٹ 15 جولائ 2019
تاحال کسی تنظیم یا گروہ نے دھمکے کی ذمہ داری قبول نہیں کی—فائل فوٹو: اے پی
تاحال کسی تنظیم یا گروہ نے دھمکے کی ذمہ داری قبول نہیں کی—فائل فوٹو: اے پی

افغانستان کے شمالی صوبے بغلان کے ضلع گزر گاہ نور میں سڑک پر نصب بم کے دھماکے میں 5 افغان پولیس ہلاک ہوگئے۔

طلوع میں شائع رپورٹ کے مطابق صوبائی پولیس کے حکام کا کہنا تھا کہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب سڑک پر نصب کردہ بم سے علاقے میں گشت کرنے والی پولیس کو نشانہ بنایا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: اب افغانستان میں امن کا 'صحیح وقت' ہے، اشرف غنی

حکام نے مزید بتایا کہ پولیس اہلکار فرنگ نامی ضلعے کی طرف جارہے تھے، تاحال کسی تنظیم یا گروہ نے دھماکے کی ذمہ داری قبول نہیں کی۔

خیال رہے کہ دو روز قبل افغانستان کے شمالی علاقے میں شادی کی تقریب میں خودکش حملے کے نتیجے میں 6 افراد ہلاک اور 14 زخمی ہوگئے تھے۔

واضح رہے صوبہ ننگرہار کا علاقہ داعش سمیت مختلف جنگجو تنظیموں کا مرکز ہے جنہوں نے ماضی میں صوبے میں مختلف حملے کیے ہیں۔

مزیدپڑھیں: آل افغان کانفرنس: طالبان کا سرکاری اداروں، عوامی مقامات پر حملہ نہ کرنے پر اتفاق

صوبے کے ترجمان نے اے ایف پی کو بتایاتھا کہ ضلع پچیراگام میں شادی کے تقریب میں صبح 8 بجے ایک خودکش بمبار نے خود کو دھماکے سے اڑایا۔

خیال رہے یہ دھماکا افغان نمائندوں اور طالبان کے درمیان تاریخی مذاکرات کے کچھ دن بعد ہوا ہے۔

دوحہ میں ہونے والی دو روزہ کانفرنس میں فریقین نے امن منصوبے پر اتفاق کیا تھا اور شہریوں کی ہلاکتوں کی تعداد میں کمی کی کوششیں کرنے کاعزم بھی ظاہر کیا تھا۔

گزشتہ ہفتے امریکی نمائندہ برائے افغان امن عمل زلمے خلیل زاد اور طالبان کے درمیان براہ راست مذاکرات بھی ہوئے تھے۔

تبصرے (0) بند ہیں