پاکستان کیلئے پروگرام کا مقصد معیشت کا استحکام، اداروں کی مضبوطی ہے، آئی ایم ایف

اپ ڈیٹ 22 جولائ 2019
وزیر اعظم عمران خان سے آئی ایم ایف کے قائم مقام منیجنگ ڈائریکٹر نے ملاقات کی—فوٹو: ٹوئٹر
وزیر اعظم عمران خان سے آئی ایم ایف کے قائم مقام منیجنگ ڈائریکٹر نے ملاقات کی—فوٹو: ٹوئٹر

بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے قائم مقام منیجنگ ڈائریکٹر (ایم ڈی) ڈیوڈ لپٹن نے وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کے بعد کہا کہ پاکستان کے لیے ان کے پروگرام کا مقصد معیشت کو مستحکم اور اداروں کو مضبوط کرنا ہے۔

وزیراعظم عمران خان سے امریکا میں آئی ایم ایف کے قائم مقام ایم ڈی نے ملاقات کی اور اس حوالے سے ایک ٹوئٹ کرتے ہوئے بیان بھی جاری کیا گیا۔

ڈیوڈ لپٹن نے لکھا کہ انہیں واشنگٹن میں پاکستان کے وزیراعظم عمران خان سے مل کر خوشی ہوئی، ہم نے حالیہ اقتصادی ترقی اور آئی ایم ایف کے حمایت یافتہ اقتصادی اصلاحات پروگرام پر عمل درآمد کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔

مزید پڑھیں: پاکستان کو آئی ایم ایف پیکج کی پہلی قسط موصول

انہوں نے کہا کہ ان کے پروگرام کا مقصد معیشت کا استحکام اور اداروں کی مضبوطی ہے جبکہ یہ پاکستان کو متوازن اور پائیدار ترقی کے راستے پر گامزن کرے گا۔

آئی ایم ایف کے قائم مقام منیجنگ ڈائریکٹر نے ابھی اور مستقبل میں ضروری سماجی اور ترقیاتی اخراجات کو معتبر طریقے سے فراہم کرنے کے لیے مقامی ٹیکس ریونیو کو متحرک کرنے کی ضرورت پر روشنی ڈالی۔

ساتھ ہی انہوں نے یہ بھی کہا کہ پاکستان کے اقتصادی اصلاحات پروگرام پر عمل درآمد کی حمایت کے لیے آئی ایم ایف دیگر بین الاقوامی شراکت داروں کے ساتھ مل کر پاکستانی حکومت کے ساتھ کام کررہا ہے۔

خیال رہے کہ وزیراعظم عمران خان 3 روزہ سرکاری دورے پر امریکا میں ہیں، جہاں انہوں نے اپنے دورے کے پہلے روز امریکا میں تاجروں اور دیگر عہدیداروں سے ملاقات کی تھی جبکہ واشنگٹن میں کیپیٹل ون ارینا میں پاکستانیوں کے جم غفیر سے خطاب کیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: آئی ایم ایف پروگرام: اگلے سال کھربوں روپے کے مزید ٹیکس لگائے جائیں گے

یاد رہے کہ ملک کی معاشی صورتحال کے پیش نظر پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے اپنے دور کے پہلے آئی ایم قرض کے لیے ادارے سے رابطہ کیا تھا اور ایک طویل عرصے تک دونوں فریقین کے درمیان مذاکرات ہوئے تھے۔

بعدازاں رواں ماہ کے اوائل میں عالمی مالیاتی ادارے نے پاکستان میں معاشی استحکام کے لیے 3 سال کے عرصے میں 6 ارب ڈالر قرض فراہم کرنے کی منظوری دی تھی۔

اس منظوری کے بعد 10 جولائی کو پاکستان کو آئی ایم ایف کی جانب سے 6 ارب ڈالر کے بیل آؤٹ پیکج میں سے 99 کروڑ 14 لاکھ ڈالر کی پہلی قسط موصول ہوگئی تھی۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں