ہم کبھی بھی بھارت کا حصہ نہیں تھے، پاکستان ہماری آواز ہے، مشعال ملک

اپ ڈیٹ 07 اگست 2019
معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک سے ملاقات کی—اسکرین شاٹ
معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک سے ملاقات کی—اسکرین شاٹ

حریت رہنما یٰسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک نے کہا ہے کہ ہم کبھی بھارت کا حصہ نہیں تھے، آرٹیکل 370 کے خاتمے سے بھارت کشمیریوں کو پناہ گزین بنانا چاہتا ہے لیکن پاکستان کو دنیا تک ہماری آواز لے کر جانی ہے۔

وزیراعظم عمران خان کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے حریت رہنما یٰسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک سے ملاقات کی اور ان سے اظہار یکجہتی کیا۔

اس موقع پر مشعال ملک نے کہا کہ پاکستان کے وزیراعظم عمران خان کی مشکور ہوں جنہوں نے ہمیشہ کشمیریوں کا ساتھ دیا اور پاکستان سمیت عالمی سطح پر کشمیر کا معاملہ اٹھایا، پوری کشمیری قوم ان کی شکر گزار ہے۔

مشعال ملک نے کہا کہ جب وزیراعظم عمران خان اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ملاقات ہوئی تھی اور کشمیر پر ثالثی کی بات ہوئی تھی تو پورے مقبوضہ کشمیر میں ایک خوشی اور امید کی لہر آئی تھی، تاہم بھارت کو یہ برداشت نہیں ہوا۔

مزید پڑھیں: بھارت نے غلطی کی تو خون کے آخری قطرے تک لڑیں گے، وزیراعظم

انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کا 'اتنے بڑے قابض بھارت کی فوج سے نہتا مقابلہ کرنے کے پیچھے ایمان کی طاقت ہے اور یہ وہی طاقت ہے کہ میرے شوہر یٰسین ملک موت کے منہ میں ہیں، ان پر تشدد کیا جارہا ہے اور جسم کے ہر حصے پر تشدد کے نشان ہے لیکن اللہ نے انہیں بچایا ہوا ہے۔

اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ہماری پوری حریت قیادت پر اللہ کا خاص نذرکرم ہے، سید علی گیلانی اتنے عرصے سے نظربند ہیں، ہندوستانی فوج انہیں اتنا تنگ کرتی ہے جبکہ آسیہ اندرابی تہاڑ جیل میں قید ہیں، اس کے علاوہ میرواعظ عمر فاروق سمیت پوری قوم کو بھارت نے یرغمال بنا کر بدترین دھوکا دیا ہے۔

حریت رہنما کا کہنا تھا کہ بھارت نے جو غیرقانونی طور پر آرٹیکل 370 کو بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی کرکے ختم کیا، ہم کبھی بھی بھارت کا حصہ نہیں تھے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں غنڈہ گردی کا راج لے آیا ہے، 8 سے 9 لاکھ فوج وہاں موجود ہے، نریند مودی نے وہاں لوگوں کے گھروں کو لوٹنے، انہیں باہر پھینکے اور پناہ گزین کا درجہ قرار دینے کا راستہ کھول دیا ہے۔

یٰسین ملک کی اہلیہ کا کہنا تھا کہ ان کے شوہر کو پولیس اسٹیشن یا جیل میں نہیں رکھا ہوا نا وہ نظربند ہیں بلکہ انہیں موت کے منہ 5 بائی 6 کے پنجرے میں رکھا ہوا ہے اور وہ وہیں سوتے ہیں وہیں کھاتے اور نہاتے ہیں، یہ پنجرہ پوری رات بند رہتا ہے، ان کی ٹانگوں اور کانوں میں پس پڑ گئے ہیں۔

مشعال ملک، یٰسین ملک کا ذکر کرتے ہوئے آبدیدہ ہوگئیں اور کہا کہ ان کے شوہر کا کیا قصور ہے، انہوں نے کشمیر کے لیے اپنی پوری زندگی لگا دی ہے مگر پھر بھی وہ نہیں چاہتے کہ ہم اپنی طاقت کو توڑیں، میری طاقت تو وہ اور کشمیری قوم ہے جبکہ پاکستان ہماری آواز ہے۔

انہوں نے کہا کہ اب ہماری پوری حریت قیادت بند ہوگئی ہے تو پاکستان نے ہی پوری دنیا تک ہماری آواز لے کر جانی ہے۔

مشعال ملک کا کہنا تھا کہ کشمیریوں نے ہمیشہ کہا ہے کہ وہ پاکستان اور آزاد جموں کشمیر کے لوگوں کی دفاعی لائن بھی ہیں، پہلے وہاں لاشیں گرتی ہیں، پھر ایل او سی پر کچھ ہوتا ہے۔

حریت رہنما کی اہلیہ کا کہنا تھا کہ بھارت جوہری جنگ چاہتا ہے اور ان کا پورا منصوبہ ہے کہ کشمیریوں کو اپنی ہی زمین پر پناہ گزین بنایا جائے، انہیں لوگوں سے کچھ نہیں بلکہ وہاں کے پانی کے ذخائر کی طلب ہے، یہ خون کے پیاسے ہیں، مودی حکومت کو اس میں مزہ آرہا ہے اور انہیں اسی طریقے سے ووٹ ملا ہے۔

تاہم میں پوری دنیا سے اپیل کرتی ہوں کہ دنیا اس پر صرف بیان بازی نہیں کرے بلکہ سیکیورٹی کونسل میں اس معاملے کو اٹھائے اور پاکستان سلامتی کونسل کے مستقل رکن اور اسلامی ممالک سے بات کرے۔

یہ بھی پڑھیں: مودی کی حماقت بھارت کو بھی لے ڈوبے گی!

انہوں نے کہا کہ آرٹیکل 370 کو ختم کرنے سے شملہ معاہدہ، اقوام متحدہ کی قرار دادوں سمیت تمام دوطرفہ معاہدے ختم ہوگئے ہیں، لہٰذا اب اگر ان پر بین الاقوامی دباؤ نہیں پڑا اور بھارت پر پابندیاں نہیں لگائی گئیں تو جوہری جنگ سے 2 تہائی دنیا تباہ ہوسکتی ہے۔

مقبوضہ وادی کی حیثیت تبدیل کرکے کشمیریوں کے حقوق پر ڈاکا ڈالا گیا، فردوس عاشق اعوان

قبل ازیں معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ خطے کا کوئی بھی ملک جارحانہ بھارتی اقدام کی حمایت نہیں کرتا جبکہ پاکستان بھارت کی اس مکروہ کاغذی کارروائی کو مسترد کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت خطے کے امن کے درپے ہے، دنیا کی کوئی طاقت کشمیر اور پاکستان کو جدا نہیں کرسکتی، مودی سرکار نے مقبوضہ وادی کی حیثیت تبدیل کرکے کشمیریوں کے حقوق پر ڈاکا ڈالا ہے۔

فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ کشمیر کی بہو، بیٹیاں تحریک جدوجہد آزادی میں قربانیاں دے رہی ہیں، وزیراعظم سمیت پاکستان کا ہرشہری کشمیریوں کے ساتھ کھڑاہے اور کشمیریوں کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھیں گے۔

اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یٰسین ملک و دیگر کشمیری حریت رہنماؤں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی، پاکستانی حکومت اور عوام کشمیری عوام کی آزادی تک چین سےنہیں بیٹھیں گے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں