بھارت کی حکمران جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی سینئر رہنما اور سابق وزیر خارجہ سشما سوراج دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کرگئیں۔

بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق 67 سالہ سینئر بی جے پی رہنما کو دل کا دورہ پڑنے کے بعد آل انڈیا انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسر (ایمس) منتقل کیا گیا تھا، جہاں وہ جانبر نہ ہوسکیں۔

سشما سوراج کے انتقال کو بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے 'ذاتی نقصان' قرار دیا۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر انہوں نے لکھا کہ 'انہیں بھارت کے لیے کی گئی ہر چیز کے لیے یاد رکھا جائے گا، دکھ کی اس لمحے میں میری ہمدردیاں ان کے اہل خانہ، حامیوں اور چاہنے والوں کے ساتھ ہیں'۔

سشما سوراج کے انتقال پر بھارتی جماعت کانگریس سے تعزیت کا اظہار کیا اور کہا کہ 'ہمیں سشما سوراج کے انتقال کے بارے میں سن کر دکھ ہوا'۔

دوسری جانب پاکستان کے وزیر برائے سائنس اور ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے بھی سشما سوراج کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کیا اور کہا کہ 'وہ ان کے ساتھ ٹوئٹر کی لڑائی کو یاد کریں گے' اور ساتھ ہی انہوں نے یہ بھی کہا کہ 'سشما سوراج اپنے آپ میں ایک بڑی شخصیت تھیں'۔

واضح رہے کہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کے پہلے دور حکومت میں سشما سوراج اہم وزیر رہی تھیں تاہم 2019 کے لوگ سبھا انتخابات میں انہوں نے صحت کی ناسازی کی وجہ سے حصہ نہیں لیا تھا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں