آرمی چیف سے چین کے وائس چیئرمین سینٹرل ملٹری کمیشن کی مقبوضہ کشمیر پر گفتگو

26 اگست 2019
ملاقات میں دفاعی تعاون سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا—فوٹو:آئی ایس پی آر
ملاقات میں دفاعی تعاون سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا—فوٹو:آئی ایس پی آر

چین کے وائس چیئرمین سینٹرل ملٹری کمیشن (سی ایم سی) جنرل ژو کی لیانگ نے جی ایچ کیو کا دورہ کیا جہاں چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات کی اور اس دوران مقبوضہ کشمیر کی موجودہ صورت حال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) سے جاری بیان کے مطابق سی ایم سی کے وائس چیئرمین جنرل ژو کی لیانگ نے ایک اعلیٰ سطح کے وفد کے ہمراہ جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) کا دورہ کیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ‘وفد نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے براہ راست ملاقات کی جس کے بعد وفود کی سطح پر گفتگو کی گئی’۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ ‘ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور، خطے کی سلامتی، دوطرفہ دفاعی تعاون میں اضافہ اور خاص کر مقبوضہ کشمیر کی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا’۔

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے مسئلہ کشمیر سمیت تمام اہم معاملات پر چین کے تعاون کو سراہا۔

مزید پڑھیں:جنرل قمر جاوید باجوہ پاک فوج کے غیرمعمولی سربراہ ہیں، چین

آئی ایس پی آر کے مطابق ‘وفد نے یقین دلایا کہ چین، پاکستان اور اس کی فوج کے ساتھ اپنے آزمودہ تعلقات کو بڑی اہمیت دیتا ہے اور اس تعلق کو مزید مستحکم کرنے کے لیے پرعزم ہے’۔

بعدازاں دفاعی تعاون اور پاک آرمی کی صلاحیت میں اضافے کے حوالے سے ایک مفاہمتی یاد داشت پر دستخط کیے گئے۔

اس سے قبل وائس چیئرمین سی ایم ایس ژو کی لیانگ نے جی ایچ کیو پہنچتے ہی یاد گار شہدا پر آمد پر پھول چڑھائے اور وفد کو گارڈ آف آنر بھی دیا گیا۔

خیال رہے کہ چین نے گزشتہ ہفتے جنرل قمر جاوید باجوہ کو مزید 3 سال کے لیے آرمی چیف مقرر کرنے کے فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہوئے انہیں پاک فوج کا غیر معمولی سربراہ قرار دیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں:چین کا مقبوضہ کشمیر کی صورتحال اور پاک-بھارت بڑھتی کشیدگی پر اظہارتشویش

چین کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا تھا کہ پاک فوج، جنرل قمر جاوید باجوہ کی قیادت میں خطے میں امن و استحکام سمیت پاکستان کی خودمختاری اور سیکیورٹی کو برقرار رکھنے کے لیے اپنا کردار ادا کرتی رہے گی۔

میڈیا بریفنگ کے دوران چین کی وزارت خارجہ کے ترجمان گینگ شوانگ نے کہا تھا کہ 'ہم نے پاکستانی حکومت کے اس فیصلے کو دیکھا ہے اور جنرل باجوہ پاک فوج کے غیر معمولی سربراہ ہیں'۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ جنرل قمر جاوید باجوہ، چینی حکومت اور فوج کے مخلص اور پرانے دوست ہیں، پاکستان اور چین کے درمیان تعلقات میں ان کا کردار ہمیشہ مثبت رہا ہے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں