64 میگا پکسل کیمرے سے لیس ایک اور اسمارٹ فون متعارف

15 ستمبر 2019

ای میل

رئیل می ایکس ٹی — فوٹو بشکریہ رئیل می
رئیل می ایکس ٹی — فوٹو بشکریہ رئیل می

چینی کمپنی رئیل می نے اپنا پہلا 64 میگا پکسل کیمرے والا اسمارٹ فون متعارف کرادیا ہے۔

رئیل می ایکس ٹی اس کمپنی کا نیا فلیگ شپ فون ہے جس میں اسنیپ ڈراگون 712 پراسیسر، 4 ، 6 اور 8 جی بی ریم، 64 یا 128 جی بی اسٹوریج کے آپشن دیئے گئے ہیں، جبکہ مائیکرو ایس ڈی کارڈ کی مدد سے اسٹوریج میں مزید اضافہ کیا جاسکتا ہے۔

اس فون میں 4000 ایم اے ایچ بیٹری 20 واٹ وی او او سی اڈاپٹر کے ساتھ دی گئی ہے جو 80 منٹ میں مکمل بیٹری چارج کرسکتا ہے۔

رئیل می ایکس ٹی میں تھری ڈی کروڈ گلاس رئیر پینل دیا گیا ہے جبکہ ڈسپلے کے تحفظ کے لیے گوریلا گلاس 5 موجود ہے۔

یہ 6.4 انچ کے سپر امولیڈ ڈسپلے سے لیس ہے جس میں فنگرپرنٹ اسکینر بھی موجود ہے۔

اینڈرائیڈ پائی کا امتزاج کمپنی نے اپنے کلر او ایس 6 سے کیا ہے جو گیم کھیلنے کے دوران فون کی رفتار کو تیز رکھنے میں مدد دیتا ہے۔

مگر اس کی خاص بات اس کا کیمرا سسٹم ہی ہے جس میں اس کمپنی نے سام سنگ کے جی ڈبلیو 1 64 میگا پکسل سنسر دیا ہے جو کہ 48 میگا پکسل سنسر سے 34 فیصد بڑا ہے اور یہ بائی ڈیفالٹ 16 میگا پکسل فوٹو کھینچتا ہے مگر ایک خصوص الٹرا 64 ایم پی موڈ بھی دیا گیا ہے جو 9216×6912 پکسلز والی تصویر لے سکتا ہے۔

اس وقت جن فونز میں 48 میگا پکسل کیمرا سنسر دیئے گئے ہیں، وہ 12 میگا پکسل تصاویر شوٹ کرتے ہیں، جن میں 4 پکسلز کو ایک کردیا جاتا ہے جبکہ رئیل می کے فون میں سام سنگ کا جی ڈبلیو 1 سنسر استعمال کیا گیا ہے جو بائی ڈیفالٹ 16 میگا پکسل تصاویر کھینچتا ہے۔

فوٹو بشکریہ رئیل می
فوٹو بشکریہ رئیل می

بنیادی طور پر بیک پر 4 کیمروں کا سیٹ اپ ہے جس میں 64 میگا پکسل کے علاوہ 8 میگا پکسل کا الٹرا وائیڈ کیمرا، 2 میگا پکسل ڈیپتھ کیمرا اور 2 میگا پکسل میکرو کیمرا دیا ہے جبکہ فرنٹ پر 16 میگا پکسل سیلفی شوٹر موجود ہے۔

اس فون کو فی الحال بھارت میں فروخت کے لیے پیش کیا گیا ہے اور اس کے 4 جی بی ریم اور 64 جی بی اسٹوریج والے ماڈل کی قیمت 16 ہزار بھارتی روپے (35 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) رکھی گئی ہے۔

سکس جی بی ریم اور 64 جی بی اسٹوریج والا ورژن 17 ہزار بھارتی روپے (37 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) جبکہ 8 جی بی ریم اور 128 جی بی اسٹوریج والا فون 19 ہزار بھارتی روپے (لگ بھگ 42 ہزار پاکستانی روپے) رکھی گئی ہے۔

ویسے یہ دنیا کا پہلا فون بننے والا تھا جو 64 میگا پکسل کیمرے سے لیس ہوتا مگر شیاؤمی نے اگست کے آخر میں ریڈمی نوٹ 8 پرو کی شکل میں ایسا فون پیش کردیا تھا جو 64 میگا پکسل کیمرے سے لیس تھا، جس کے بعد 64 میگا پکسل فونز کے عہد کا آغاز ہوگیا تھا۔