کراچی میں شدید گرمی، آئندہ 3 دن ہیٹ ویو کی وارننگ

اپ ڈیٹ 21 ستمبر 2019
ماہرین صحت نے ہیٹ ویو کے دوران شہریوں دھوپ میں نہ نکلنے اور پانی کے زیادہ سے زیادہ استعمال کا مشورہ دیا ہے— فائل فوٹو: اے ایف پی
ماہرین صحت نے ہیٹ ویو کے دوران شہریوں دھوپ میں نہ نکلنے اور پانی کے زیادہ سے زیادہ استعمال کا مشورہ دیا ہے— فائل فوٹو: اے ایف پی

صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں آئندہ 3روز تک شدید گرمی اور ہیٹ ویو کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے جس کے بعد شہر کے ہسپتالوں کے ساتھ ساتھ مختلف مقامات پر ہیٹ اسٹروک سینٹر قائم کردیے گئے ہیں۔

کراچی میں آج صبح سے ہی شدید حبس اور گرمی کا راج ہے اور درجہ حرارت 39 سے 40 ڈگری سینٹی گریڈ تک ریکارڈ کیا گیا۔

چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز نے ڈان نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ سمندر سے چلنے والی ہواؤں کی بدولت کراچی میں موسم معتدل رہتا ہے لیکن بھارتی گجرات اور مغربی ممبئی میں سمندر میں ہوا کا کم دباؤ پیدا ہوا ہے جس کے نتیجے میں کراچی کی ہوا متاثر ہو رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس کے سبب کراچی میں سمندری ہوائیں رک گئی ہیں اور ہوا کا شمال مغرب کی جانب ہوگیا ہے جبکہ صحرائی علاقوں کی ہوائیں اب شہر کا رخ کر رہی ہیں۔

سردار سرفراز نے کہا کہ جب تک سمندر میں یہ کم دباؤ برقرار رہے گا، اس وقت تک نہ صرف کراچی کی ہوا متاثر رہے گی بلکہ اگلے 3 سے 4 دن شدید گرمی بھی رہے گی اور درجہ حرارت 40 سے 41 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق ہوا میں نمی کا تناسب زیادہ ہونے کی وجہ سے گرمی کی شدت زیادہ محسوس ہوتی ہے تاہم شہریوں کو اس دوران کم سے کم دھوپ میں نکلنے اور پانی کے زیادہ سے زیادہ استعمال کی ہدایت کی گئی ہے۔

دوسری جانب کراچی میں گرمی کی لہر کے پیش نظر عباسی شہید ہسپتال میں ہیٹ اسٹروک سینٹر قائم کردیا گیا اور تمام ملازمین کی چھٹیاں منسوخ کردی گئی ہیں۔

شہر قائد میں ہیٹ اسٹروک کے پیش نظر بلدیہ کراچی کے تمام ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی اور عباسی شہید اسپتال میں ایمرجنسی میں آنے والے مریضوں کو اسٹیپ ڈاون یونٹ منتقل کرنے کی تیاریاں کرلی گئی ہیں جبکہ 3 مختلف وراڈز میں بھی اضافی بیڈ موجود ہیں۔

حکومت سندھ نے کراچی میں 21 سے 24 ستمبر تک ہیٹ ویو کے پیش نظر سرکاری ہسپتالوں میں خصوصی وارڈ کے قیام اور تمام سرکاری ہسپتالوں میں ڈاکٹروں اور ادویات کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کی تھی۔

ہیٹ ویو سے متاثر ہونے کی علامات و وجوہات

واضح رہے کہ ان وجوہات کے باعث ہیٹ ویو ہوسکتا ہے اور متاثرہ شخص میں یہ علامات ہوسکتی ہیں۔

  • جسم میں پانی کی کمی
  • گرم و خشک موسم
  • گرم موسم میں سخت مشقت یا ورزش
  • دھوپ میں براہ راست بہت زیادہ گھومنا
  • گھر سے باہر کام یا آﺅٹ ڈور ورکنگ
  • غشی طاری ہونا
  • جسم سے پسینے کا اخراج رک جانا
  • دل کی دھڑکن بہت زیادہ بڑھ جانا
  • جلد سرخ، گرم اور خشک ہوجانا
ہیٹ ویو سے متاثر ہونے پر کیا کرنا چاہیے؟

سب سے پہلے تو ایمبولینس کو طلب کریں یا متاثرہ شخص کو خود ہسپتال لے جائیں (طبی امداد میں تاخیر جان لیوا ثابت ہوسکتی ہے)، ایمبولینس کے انتظار کے دوران مریض کو کسی سایہ دار جگہ پر منتقل کردیں۔

  • مریض کو فرش پر لٹا دیں اوراسکے پیر کسی اونچی چیز پر رکھ دیں (تاکہ دل کی جانب خون کا بہاﺅ بڑھ جائے)۔

  • مریض کے کپڑے تنگ ہوں تو ان کو ڈھیلا کردیں۔

  • مریض کے جسم پر ٹھنڈی پٹیاں رکھیں یا ٹھنڈے پانی کا اسپرے کریں۔

  • پیڈسٹل پنکھے کا رخ مریض کی جانب کردیں تاہم بجلی نہ ہو تو کسی بھی چیز سے خود مریض کو ہوا دیں۔

اس سے ہٹ کر بھی گھر سے باہر نکلتے ہوئے پانی کی بوتل اپنے پاس رکھیں اور طبیعت بگڑنے پر فوری پانی کا استعمال کریں۔

یاد رہے کہ پاکستان میں 4 سال قبل 2015 میں 50 سال کی بدترین گرمی کی لہر آئی تھی، جس کے نیتجے میں کراچی میں سیکڑوں افراد ہلاک ہوئے تھے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں