بھوٹان میں بھارتی فوج کا ہیلی کاپٹر گرکر تباہ، 2 پائلٹ ہلاک

27 ستمبر 2019
چیتا ہیلی کاپٹر بھوٹان میں گرا، واقعے میں 2 پائلٹ ہلاک ہوئے—فوٹو: انڈیا ٹوڈے
چیتا ہیلی کاپٹر بھوٹان میں گرا، واقعے میں 2 پائلٹ ہلاک ہوئے—فوٹو: انڈیا ٹوڈے

بھوٹان میں بھارتی فوج کا ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہوگیا، جس کے نتیجے میں 2 پائلٹ ہلاک ہوگئے۔

بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق ہیلی کاپٹر چیتا، بھوٹان میں گرا، جس کے نتیجے میں بھارتی فوج کے لیفٹیننٹ کرنل رینک کا ایک پائلٹ ہلاک ہوا جبکہ مرنے والا دوسرا پائلٹ بھوٹان کی فوج کا پائلٹ تھا جو بھارتی فوج کے ساتھ تربیت کررہا تھا۔

رپورٹ کے مطابق یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب بھارتی فوج کا ہیلی کاپٹر یونپھولا میں لینڈنگ کے لیے پہنچا تھا لیکن وہ قریبی پہاڑی کھنتونمانی میں گرکر تباہ ہوگیا، جس کے نتیجے میں دونوں بھارتی اور بھوٹانی فوج کے افسران موقع پر ہلاک ہوگئے۔

مزید پڑھیں: بھارت کا لڑاکا طیارہ مگ 21 گر کر تباہ

خیال رہے کہ 25 ستمبر کو ہی بھارتی ایئر فورس (آئی اے ایف) کا مگ 21 لڑاکا طیارہ مدھیا پردیش کے علاقے گوالیور میں قائم ایئربیس کے قریب گر کر تباہ ہوگیا تھا۔

تاہم اس واقعے میں دونوں پائلٹ نکلنے میں کامیاب رہے تھے جبکہ بھارتی فضائیہ نے واقعے پر انکوائری کا حکم دے دیا تھا۔

اس سے قبل 8 اگست کو بھارت کی ریاست آسام میں بھارتی فضائیہ کا روسی ساختہ جنگی طیارہ سکوئی 30 دوران پرواز گر کرتباہ ہوگیا تاہم حادثے میں طیارے کا پائلٹ محفوظ رہا تھا۔

جون میں آئی اے ایف کا سامان بردار طیارہ ریاست اروناچل پردیش میں گر کر تباہ ہوگیا تھا، جس میں عملے سمیت آئی اے ایف کے 26 اہلکار ہلاک ہو گئے تھے۔

یہ بھی پڑھیں: بھارتی فضائیہ کا جنگی طیارہ گر کر تباہ

ایک رپورٹ کے مطابق 2014 سے اب تک بھارتی فضائیہ کے مجموعی طور پر 26 جنگی طیارے، 6 ہلی کاپٹرز، 9 تربیتی طیارے اور 3 سامان بردار طیارے تباہ ہوئے جبکہ ان حادثات میں 46 افراد بھی ہلاک ہوئے۔

واضح رہے کہ رواں برس 8 مارچ کو بھارتی ریاست راجستھان میں ایئر فورس کا مگ 21 لڑاکا طیارہ گر کر تباہ ہوگیا تھا۔

یہاں یہ بھی واضح رہے کہ مختلف حادثات کے علاوہ پاکستان نے بھی 27 فروری کو پاک بھارت کشیدگی کے دوران پاکستانی فضائی حدود کی خلاف ورزی کرنے پر مگ 21 طیارے کو مار گرایا تھا۔

تبصرے (0) بند ہیں