75 سالہ خاتون کے ہاں بیٹی کی پیدائش

13 اکتوبر 2019
خاتون کے پہلے کوئی اولاد نہیں تھی — شٹر اسٹاک فوٹو
خاتون کے پہلے کوئی اولاد نہیں تھی — شٹر اسٹاک فوٹو

75 سالہ خاتون نے بھارت میں آئی وی ایف طریقہ علاج کی مدد سے ایک بیٹی کو جنم دیا ہے۔

گلف نیوز کی رپورٹ کے مطابق راجھستان کے ضلع کوٹہ (Kota) سے تعلق رکھنے والی خاتون نے کنکار نامی ہسپتال میں بچی کو جنم دیا۔

اس بچی کی پیدائش حمل کے ساڑھے 6 ماہ بعد ہوئی اور اس کا وزن صرف 600 گرام تھا، جس کے باعث اسے بچوں کے لیے قائم انتہائی نگہداشت کے یونٹ میں منتقل کردیا گیا، اور ڈاکٹروں کی ٹیم بچی کی صحت پر نظر رکھے ہوئے ہے۔

اس خاتون (نام بتایا نہیں گیا) کے بارے میں ڈاکٹروں کا کہنا تھا کہ انہوں پہلے ایک بچہ گود لیا تھا مگر وہ اپنی اولاد چاہتی تھیں اور اس لیے انہوں نے اس عمر میں ماں بننے کے لیے ڈاکٹروں ےس مشورہ کیا کیونکہ وہ آئی وی ایف طریقہ علاج آزمانا چاہتی تھیں۔

اس بچی کی پیدائش آپریشن کے ذریعے قبل از وقت ہوئی جس کی وجہ ماں کی عمر تھی جو کہ جسمانی طور پر کمزور اور مختلف امراض کا بھی شکار تھیں۔

خاتون کا ایک ہی پھیپھڑا تھا اور یہی وجہ تھی کہ یہ حمل اور پیدائش طبی ٹیم کے لیے ایک چیلنج سے کم نہیں تھی۔

ڈاکٹروں کا کہنا تھا کہ یہ خاتون ایک کاشتکار خاندان سے تعلق رکھتی ہیں اور ان کی جانب سے بچے کے لیے اصرار نے طبی ٹیم کو حیران کردیا تھا۔

اس خاتون کی عمر کی سرکاری تصدیق ہوئی تو وہ سب سے زیادہ عمر میں بچے کو جنم دینے والی ماں بن جائیں گی۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ گزشتہ ماہ بھارت میں ہی ایک 74 سالہ خاتون نے جڑواں بچوں کو جنم دیا تھا۔

آندھرا پردیش سے تعلق رکھنے والی ارامتی مانیگاما نے بھی آئی وی ایف طریقہ علاج کی مدد سے 74 سال کی عمر میں صحت مند جڑواں بچیوں کو جنم دیا تھا۔

اس خاتون کی پہلے کوئی اولاد نہیں تھی اور وہ ہمیشہ سے بچوں کو چاہتی تھیں۔

ان کے بقول 'میں الفاظ میں اپنے جذبات کا اظہار نہیں کرسکتی، ان بچیوں نے مجھے مکمل کردیا، میرا 60 برسوں کا انتظار ختم ہوا اور اب مجھے کوئی مزید بانجھ نہیں کہہ سکے گا'۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں