لیڈی گاگا کنسرٹ کے دوران مداح کے ساتھ اسٹیج سے گر پڑیں

اپ ڈیٹ 19 اکتوبر 2019
واقعے کی مکمل ویڈیو مداحوں سے سوشل میڈیا پر شیئر کردی — فوٹو/ اسکرین شاٹ
واقعے کی مکمل ویڈیو مداحوں سے سوشل میڈیا پر شیئر کردی — فوٹو/ اسکرین شاٹ

امریکی پاپ گلوکارہ و اداکارہ 33 سالہ لیڈی گاگا ہمیشہ ہی سوشل میڈیا پر خبروں میں رہتی ہیں تاہم اب ان کی ایک ایسی ویڈیو وائرل ہورہی ہے جسے دیکھ کر ان کے مداح پریشان ہوگئے ہیں۔

گلوکارہ لیڈی گاگا حال ہی میں لاس ویگاس میں ایک کنسرٹ میں پرفارم کررہی تھی جہاں وہ پرفارمنس کے دوران مداح کے گود میں اٹھانے کے بعد اسٹیج سے نیچے گر گئیں۔

اس واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر خوب وائرل ہورہی ہے۔

کنسرٹ میں پرفارمنس کے دوران گلوکارہ نے اپنے ایک پرجوش مداح 'جیک' کو اسٹیج پر مدعو کیا اور پھر جوش میں آکر اس کی گود میں بیٹھ گئیں، جس کے بعد مداح اپنا توازن کھو بیٹھا جس کے بعد لیڈی گاگا اور مداح اسٹیج سے نیچے زمین پر گر پڑے۔

ریڈٹ ویب سائٹ پر ایک مداح نے اس حوالے سے لکھا کہ 'میں وہی تھا اور میں واقعی یہ سمجھا کہ لیڈی گاگا گر کر مر گئیں'۔

اس موقع پر جب مداح گلوکارہ کے لیے پریشان تھے تو انہوں نے مائیک پر اعلان کیا کہ وہ ٹھیک ہیں، جس کے بعد وہ اسٹیج پر واپس آئیں اور اس ہی مداح کے ساتھ اپنے گانے 'ملین ریزنز' پر پرفارم کیا۔

اس موقع پر جیک شرمندگی کے باعث روتا رہا، البتہ گلوکارہ نے اسے مطمئن کیا کہ وہ ٹھیک ہیں، جبکہ مداحوں سے درخواست کی کہ وہ انٹرنیٹ پر جیک پر تنقید کرنے سے گریز کریں۔

A photo posted by Instagram (@instagram) on

گلوکارہ نے مداح سے کہا کہ 'ہم دونوں ایک دوسرے سے اتنی محبت کرتے ہیں کہ اس اسٹیج سے نیچے بھی ایک ساتھ ہی گرے'۔

انہوں نے مشہور زمانہ فلم 'ٹائٹینک' کے مرکزی کرداروں کا حوالہ دینے ہوئے کہا کہ 'ہم دونوں ایک دوسرے کو تھامے ہوئے ساتھ گرے، ہم ٹائٹینک کے جیک اور روز کی طرح ہیں'۔

گلوکارہ نے اس موقع پر مداح کو کنسرٹ کے بعد اپنے ساتھ چائے پینے کی بھی آفر کی۔

بعدازاں لیڈی گاگا نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر بتایا کہ کنسرٹ کے بعد ان کے پورے جسم کا ایکسرے ہوا اور وہ بالکل ٹھیک ہیں۔

A photo posted by Instagram (@instagram) on

یہ پہلا موقع نہیں جب امریکی گلوکارہ پرفارمنس کے دوران گری ہوں، اس سے قبل بھی کئی مرتبہ لیڈی گاگا پرفارمنس کے دوران اسٹیج پر اور اسٹیج سے نیچے گر چکی ہیں۔

واضح رہے کہ لیڈی گاگا نے اگرچہ انتہائی کم عمری اور اسکول کے زمانے سے گلوکاری اور ڈانس کی شروعات کی، تاہم انہوں نے پروفیشنل کیریئر کی شروعات 2007 سے کی اور اگلے ہی سال 2008 میں انہوں نے پہلا ایلبم ‘دی فیم’ ریلیز کیا۔

یوں دیکھتے ہی دیکھتے لیڈی گاگا موسیقی کی دنیا میں بڑا نام کمانے میں کامیاب ہوئیں۔

ان کا اصل نام اسٹیفنی جوئین اینجلینا جرمانوٹا ہے، تاہم انہوں نے بعد ازاں اپنا نام لیڈی گاگا رکھا اور بتدریج موسیقی کی دنیا میں کامیابی کی سیڑھیاں چڑھتی گئیں۔

لیڈی گاگا کو اپنے میوزک کنسرٹ کے دوران اور ویڈیوز میں متنازع لباس پہن کر پرفارمنس کرنے سمیت تشدد پر ابھارنے والے مناظر کی عکاسی کرنے کی وجہ سے بھی تنقید کا نشانہ بنایا جاتا رہا ہے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں