جب مظاہرین نے بچے کا دل بہلانے کے لیے 'بےبی شارک ڈو ڈو ' گایا

اپ ڈیٹ 26 اکتوبر 2019
بچے کی والدہ نے ویڈیو فیس بک پر شیئر کی — فوٹو: اسکرین شاٹ
بچے کی والدہ نے ویڈیو فیس بک پر شیئر کی — فوٹو: اسکرین شاٹ

لبنان میں گزشتہ کئی روز سے جاری مظاہروں سے جہاں ملک کی معیشت خراب ہورہی ہے وہیں مظاہروں میں شامل افراد کی جانب سے اچھے کام کیے جانے کی خبریں بھی سامنے آرہی ہیں۔

ایسی ہی ایک اچھی خبر کی ویڈیو سامنے آنے پر کئی لوگوں نے مظاہرین کی تعریف کرنا شروع کردی۔

ایلیان جبور نامی لبنانی خاتون نے اپنے فیس بک اکاؤنٹ پر ایک ویڈیو شیئر کی جس میں ان کی گاڑی مظاہرے کے درمیان پھنسی ہوئی دیکھی گئی، اس موقع پر ان کے ساتھ ان کا ڈیڑھ سال کا بیٹا بھی موجود تھا جو مظاہرے کی وجہ سے کافی خوفزدہ ہوگیا۔

جس کے بعد مظاہرین نے اس بچے کو خوش کرنے کے لیے بچوں کا پسندیدہ گانا 'بےبی شارک ڈو ڈو' گانا شروع کردیا۔

انہوں نے ویڈیو کے کیپشن میں اپنے بیٹے کی جانب سے مظاہرین کا شکریہ بھی ادا کیا۔

اس حوالے سے امریکی نشریاتی ادارے سی این این کو دیے ایک انٹرویو میں ایلیان جبور کا کہنا تھا کہ 'میں نے مظاہرین سے کہا کہ میرے ساتھ میرا بیٹا بھی ہے، اس لیے شور نہ مچائیں، جس کے بعد ان سب نے بےبی شارک گانا شروع کردیا'۔

انہوں نے مزید بتایا کہ 'یہ سب بالکل اچانک ہوا، میرے بیٹے کو یہ گانا بےحد پسند ہے، وہ گھر میں بھی اس گانے کو سنتا رہتا ہے اور ہنستا بھی ہے'۔

یاد رہے کہ بےبی شارک ڈو ڈو گانا اس وقت مقبول ہوا تھا جب 2017 میں 'بےبی شارک چیلنج' نامی نیا ٹرینڈ سامنے آیا۔

اس ٹرینڈ کا حصہ بنتے ہوئے لوگ بےبی شارک میں کیے گئے ڈانس کی نقل کرکے بےبی شارک کا ہیش ٹیگ استعمال کررہے تھے۔

واضح رہے کہ بےبی شارک گانا 2015 میں ریلیز ہوا تھا۔

بعدازاں ایک بچی کی ویڈیو بھی وائرل ہوئی تھی جو گوگل سے مطالبہ کررہی تھی کہ بےبی شارک گانا لگایا جائے، جس کے بعد اس بچی کو گانے پر ڈانس کرتے دکھایا گیا۔

خیال رہے کہ قرضوں میں ڈوبے ملک لبنان کے شہری ٹیکس میں اضافے اور خراب ترین معاشی صورتحال کی وجہ سے پریشانی کا شکار ہیں اور یہی وجہ ہے کہ حکومت کی مسائل کے حل نکالنے میں ناکامی پراحتجاجی مظاہرے شروع ہوگئے تھے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں