سانحہ تیز گام کے متاثرین سے اظہار یکجہتی:کوک اسٹوڈیو 12 کی تیسری قسط ملتوی

اپ ڈیٹ 02 نومبر 2019
کوک اسٹوڈیو کے 12 ویں سیزن کا آغاز 11 اکتوبر کو ہوا تھا—اسکرین شاٹ
کوک اسٹوڈیو کے 12 ویں سیزن کا آغاز 11 اکتوبر کو ہوا تھا—اسکرین شاٹ

دو دن قبل کراچی سے راولپنڈی جانے والی تیز گام ایکسپریس کو پنجاب کے ضلع رحیم یار خان کے قریب المناک حادثہ پیش آیا تھا جس میں 74 افراد جاں بحق جبکہ 30 سے زائد مسافر زخمی ہوگئے تھے۔

روالپنڈی جانے والی تیز گام ایکسپیرس میں رحیم یار خان کے قریب گیس سلنڈر پھٹنے سے آگ لگ گئی تھی اور آگ نے فوری طور پر کم سے کم تین بوگیوں کو اپنے لپیٹ میں لے لیا تھا۔

المناک واقعے کے بعد جہاں پورے ملک میں سوگ کی فضا برقرار ہے، وہیں کوک اسٹوڈیو نے بھی حادثے کے متاثرین سے اظہار یکجہتی کے لیے 12 ویں سیزن کی تیسری قسط کو منسوخ کردیا۔

کوک اسٹوڈیو سیزن کے 12 کی تیسری قسط کو یکم نومبر کو ریلیز کیا جانا تھا، تاہم اسٹوڈیو نے سانحہ تیز گام کی وجہ سے قسط کی ریلیز کو منسوخ کردیا۔

کوک اسٹوڈیو نے اپنی ٹوئٹ میں بتایا کہ سانحہ تیز گام کی وجہ سے یکم نومبر کو ریلیز ہونے والی قسط ریلیز نہیں کی جا رہی اور جلد ہی تیسری قسط کو ریلیز کردیا جائے گا۔

کوک اسٹوڈیو نے تیسری قسط کو ریلیز کرنے کی تاریخ کا اعلان نہیں کیا، تاہم خیال کیا جا رہا ہے کہ اسے آئندہ ہفتے تک ریلیز کردیا جائے گا۔

کوک اسٹوڈیو کے 12 ویں سیزن کی اب تک دو قسطیں ریلیز کی گئی ہیں، پہلی دونوں قسطوں میں تین تین گانے ریلیز کیے جا چکے ہیں۔

کوک اسٹوڈیو کا آغاز گزشتہ ماہ 11 اکتوبر کو عاطف اسلم کے ’وہی خدا ہے‘ سے ہوا تھا جس کے بعد اس کی پہلی قسط کو گزشتہ ماہ 18 اکتوبر کو جاری کیا گیا تھا۔

کوک اسٹوڈیو کی پہلی قسط کے گانے سنیں

کوک اسٹوڈیو کی پہلی قسط کے تینوں گانوں میں سب سے زیادہ سرائیکی گانے ’ماہی دیاں جھوکاں‘ کو سراہا گیا تھا۔

پہلی قسط کے ’ماہی دیاں جھوکاں ‘ کو جمال فقیر تروپ اور ان کے ساتھیوں نے روایتی انداز میں پیش کیا تھا۔

پہلی قسط کے گانے ’دم مستم‘ کو راحت فتح علی خان نے جب کہ تیسرے گانے ’رم پم‘ کو گلوکارہ ذوئی وکاجی اور شہاب حسین نے گایا تھا۔

پہلی قسط کی طرح دوسری قسط میں بھی تین گانے جاری کیے گئے تھے۔

دوسری قسط میں کشمیری و ترکی زبان کے گانے ’روشے‘ کو بھی جاری کیا تھا، جسے گلوکارہ زیب بنگش اور ساتھیوں نے گایا۔

کوک اسٹوڈیو کی دوسری قسط کے گانے سنیں

دوسری قسط میں ماضی کے مقبول گیت ’سیاں‘ کا ریمیک بھی شامل کیا گیا، جسے ریچل وکاجی اور شجاع حیدر نے گایا۔

دوسری قسط کے ماضی کے مقبول گانے ’بلو‘ کے ریمیک نے سب کا دل دیوانہ کردیا، مقبول گیت کے ریمیک کو بھی گلوکار ابرار الحق نے گایا گیا۔

’بلو‘ کو ماضی میں بھی ابرار الحق نے گایا تھا اور اس گانے کو پہلی بار 1995 میں ریلیز کیا گیا تھا، جسے اب دوبارہ کوک اسٹوڈیو میں 24 سال بعد گایا گیا۔

دوسری قسط کو 26 اکتوبر کو ریلیز کیا گیا تھا—اسکرین شاٹ
دوسری قسط کو 26 اکتوبر کو ریلیز کیا گیا تھا—اسکرین شاٹ

تبصرے (0) بند ہیں