چین: کوئلے کی کان میں دھماکا، 15 افراد ہلاک

19 نومبر 2019
زخمی کان کنوں کی حالت خطرے سے باہر ہے — فوٹو: اے ایف پی
زخمی کان کنوں کی حالت خطرے سے باہر ہے — فوٹو: اے ایف پی

چین کے شمالی صوبے شانسی میں کوئلے کی کان میں دھماکے کے نتیجے میں 15 افراد ہلاک ہو گئے۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی 'اے ایف پی' کے مطابق چین کی سرکاری نیوز ایجنسی 'زِنہوا' کی رپورٹ میں کہا گیا کہ پیر کی دوپہر کو شانسی پِنگیاؤ فِنگیان کول اینڈ کوک گروپ کمپنی کی کان میں گیس کے دھماکے میں 9 افراد زخمی بھی ہوئے۔

زنہوا کی رپورٹ میں بتایا گیا کہ دھماکے کے وقت زیر زمین 35 کان کن کام کر رہے تھے جس میں سے 11 وہاں سے بھاگنے میں کامیاب ہوئے۔

رپورٹ میں کہا گیا کہ زخمی کان کنوں کی حالت بھی خطرے سے باہر ہے۔

شانسی میں کوئلے کی کانوں میں حفاظتی انتظامات کے منتظم شین شوپینگ کا کہنا تھا کہ حادثے سے یہ انکشاف بھی ہوا کہ کمپنی کے ملازمین میں قانون کی حکمرانی اور افراتفری کے انتظام سے آگاہی کا فقدان تھا۔

یہ بھی پڑھیں: چین میں کوئلے کی کان بیٹھنے سے ہلاکتوں کی تعداد 21 ہوگئی

انہوں نے کہا کہ حادثہ بھی قانون اور ضوابط کی خلاف ورزی کرتے ہوئے کی جانے والی سرگرمی کی وجہ سے پیش آیا، تاہم حکام اب بھی دھماکے کی اصل وجہ جاننے کی کوشش کر رہے ہیں۔

واضح رہے کہ چین میں جان لیوا کانوں کے حادثات معمول کی بات ہے جہاں صنعتوں کا حفاظتی ریکارڈ بہت خراب ہے۔

زنہوا کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ ہفتے ایک اجلاس میں چین کی کابینہ نے کام کی جگہ میں حفاظتی انتظامات کو بہتر بنانے کے لیے پیداواری مقامات حفاظت کے مسائل کے خلاف خصوصی کریک ڈاؤن کا حکم دیا تھا۔

تبصرے (0) بند ہیں