لاہور: جیل بیرک میں آتشزدگی سے خواجہ سعد رفیق 'زخمی'

06 جنوری 2020
سعد رفیق پیراگون ہاؤسنگ اسکینڈل میں گرفتار ہیں—فائل فوٹو: ڈان نیوز
سعد رفیق پیراگون ہاؤسنگ اسکینڈل میں گرفتار ہیں—فائل فوٹو: ڈان نیوز

لاہور: قومی احتساب بیورو (نیب) کی حراست میں موجود مسلم لیگ (ن) کے رکن قومی اسمبلی خواجہ سعد رفیق کیمپ جیل کی بیرک میں لگنے والی آگ کے نتیجے میں 'بھگڈر' مچنے پر مبینہ طور پر زخمی ہوگئے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق سرکاری ذرائع کا کہنا تھا کہ بیرک کو بجلی فراہم کرنے والے تاروں میں شارٹ سرکٹ کی وجہ سے آگ بھڑک اٹھی۔

واضح رہے کہ رکن قومی اسمبلی خواجہ سعد رفیق اور ان کے بھائی رکن پنجاب اسمبلی سلمان رفیق پیراگون ہاؤسنگ اسکینڈل میں نیب کی حراست میں ہیں۔

مزید پڑھیں: نتائج بدلنے کی کوشش ہوئی تو سخت احتجاج کروں گا، سعد رفیق

ذرائع کا کہنا تھا کہ آگ لگنے کے بعد خواجہ سعد رفیق محفوظ مقام پر منتقل ہونے کے لیے بھاگنے کے دوران انہیں سر پر زخم آئے۔

علاوہ ازیں محکمہ سینئرز پرزنز ڈیپارٹمنٹ اس معاملے پر رائے دینے کے لیے دستیاب نہیں تھا۔

خیال رہے کہ قومی احتساب بیورو نے پیراگون ہاؤسنگ سوسائٹی میں مبینہ طور پر بڑے پیمانے میں خرد برد کی تحقیقات کا آغاز نومبر 2018 میں کیا تھا اور کہا گیا تھا کہ مذکورہ سوسائٹی خواجہ سعد رفیق کی ہے جبکہ انہوں نے عدالت عظمیٰ میں سوسائٹی سے لاتعلقی کا اظہار کیا تھا۔

پیراگون سٹی کی ذیلی کمپنی بسم اللہ انجینئرنگ کے مالک شاہد شفیق کو جعلی دستاویزات کی بنیاد پر آشیانہ ہاؤسنگ اسکیم کا ٹھیکہ لینے کے الزام میں 24 فروری کو نیب نے گرفتار کیا تھا۔

نیب کی جانب سے دعویٰ کیا گیا تھا کہ بسم اللہ انجینئرنگ کمپنی کی نااہلی کی وجہ سے حکومت کو 100 کروڑ روپے کا نقصان ہوا۔

یہ بھی پڑھیں: پیراگون سٹی اسکینڈل: خواجہ سعد رفیق پیرول پر رہا

نیب لاہور نے گزشتہ سال مئی میں خواجہ برادران کے خلاف پیراگون سوسائٹی کے مبینہ کرپشن کیس میں تحقیقات کے بعد ریفرنس دائر کرنے کی منظوری دی تھی جس کے بعد 31 مئی کو لاہور کی احتساب عدالت میں ریفرنس دائر کردیا گیا تھا۔

قبل ازیں نیب نے 11 دسمبر 2018 کو پیراگون ہاؤسنگ اسکینڈل میں خواجہ برادران، خواجہ سعد رفیق اور خواجہ سلمان رفیق کو ضمانت مسترد ہونے پر لاہور ہائی کورٹ سے حراست میں لے لیا تھا۔

نیب نے گرفتاری کے دوسرے ہی روز خواجہ برادران کو لاہور کی احتساب عدالت میں پیش کیا تھا، جہاں عدالت نے خواجہ سعد رفیق اور سلمان رفیق کو ابتدائی طور پر 10 روزہ جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے کردیا تھا، بعد ازاں اس میں متعدد مرتبہ توسیع کی گئی تھی۔

تبصرے (0) بند ہیں