سام سنگ کا نیا فولڈ ایبل فون کیسا ہوگا؟

01 فروری 2020
— فوٹو بشکریہ ون فیوچر
— فوٹو بشکریہ ون فیوچر

سام سنگ کا نیا فلیگ شپ فون 'گلیکسی زی فلپ' کو آئندہ ماہ متعارف کرایا جارہا ہے اور اس کے فیچرز کے بارے میں مختلف لیکس بھی سامنے آرہی ہیں۔

مگر اب ایک نئی لیک میں اس فولڈ ایبل فون کے بارے میں تمام تر تفصیلات سامنے آگئی ہیں۔

ون فیوچر کی لیک میں اس فون کے سام سنگ کے آفیشل رینڈرز بھی جاری کیے گئے جبکہ دیگر تمام تفصیلات بھی موجود ہیں۔

زی فلپ میں 6.7 انچ اسکرین دی گئی ہے جس میں 22:9 ایسپیکٹ ریشو فولڈ ایبل او ایل ای ڈی ڈسپلے ایف ایچ ڈی پلس ریزولوشن موجود ہے۔

گزشتہ سال کے گلیکسی فولڈ کے برعکس اس نئی لیک میں الٹرا تھن گلاس ڈسپلے فیچر کی تصدیق کی گئی ہے تاکہ اسے فولڈ کرتے ہوئے گلیکسی فولڈ جیسے مسائل سامنے نہ آسکیں۔

سام سنگ کے حالیہ فونز کی طرح زی فلپ میں پنچ ہول سیلفی کیمرا دیا گیا ہے جبکہ باہر سیکنڈ ڈسپلے 1.06 انچ او ایل ای ڈی پینل سے لیس ہے جو وقت دیکھنے کے ساتھ سادہ نوٹیفکیشن دکھائے گا۔

اس فون میں کوالکوم اسنیپ ڈراگون 855 پلس پراسیسر، 8 جی بی ریم اور 256 جی بی اسٹوریج دیئے جانے کا امکان ہے۔

فوٹو بشکریہ ون فیوچر
فوٹو بشکریہ ون فیوچر

فون میں سنگل یو ایس بی سی پورٹ چارجنگ اور آڈیو کے لیے دی جارہی ہے جبکہ مائیکرو ایس ڈی کارڈ سلاٹ اور ہیڈفون جیک موجود نہیں، جبکہ یہ فون 5 جی کو بھی سپورٹ نہیں کرے گا بلکہ ایل ٹی ای نیٹ ورک کو سپورٹ کرے گا۔

اس فون میں باہر کی جانب ڈوئل کیمرا سیٹ اپ ہوگا جس میں 12 میگا پکسل کا مین کیمرا اور 12 میگا پکسل کا الٹرا وائیڈ اینگل کیمرا شامل ہیں جبکہ سیلفی کیمرا 10 میگا پکسل کا ہوگا۔

بنیادی طور پر فیچرز کے لحاظ سے یہ کوئی غیر معمولی فون نہیں مگر رپورٹ میں بتایا گیا کہ سام سنگ درحقیقت زی فلپ کو اس کے منفرد ڈیزائن اور اسٹائل کی بنیاد پر فروخت کرنا چاہتی ہے۔

جن صارفین کو زیادہ طاقتور ہارڈویئر کی خواہش ہوگی ان کے لیے گلیکسی ایس 20 سیریز کے فونز ہوں گے جبکہ زی فلپ ایسے صارفین کے لیے ہوگا جو فیچرز کی جگہ ڈیزائن کو ترجیح دیتے ہیں۔

اس فون کی دستیابی اور قیمت تو واضح نہیں مگر ایک دوسری لیک کے مطابق گلیکسی زی فلپ کی قیمت 1400 ڈالرز (2 لاکھ 16 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) ہوسکتی ہے اور یہ 14 فروری کو ریلیز ہوگا۔

تبصرے (0) بند ہیں