ایپل کا سستا آئی فون آئندہ ہفتے متعارف کرائے جانے کا امکان

11 اپريل 2020
2016 کا آئی فون ایس ای —  فوٹو بشکریہ ایپل
2016 کا آئی فون ایس ای — فوٹو بشکریہ ایپل

دنیا بھر میں نئے نوول کورونا وائرس کی وبا کی رفتار تیز ہورہی ہے اور اس کے نتیجے میں ٹیکنالوجی کمپنیوں کی ڈیوائسز کو متعارف کرانے کا عمل بھی متاثر ہوسکتا ہے۔

مگر ایسا لگتا ہے کہ ایپل کی جانب سے سستے آئی فون ایس ای 2 یا آئی فون 9 (جو بھی کمپنی اس کا نام رکھے) رواں ماہ کی 15 تاریخ کو متعارف کرایا جارہا ہے۔

میک ریومرز کی رپورٹ کے مطابق اگرچہ یہ سستا آئی فون تو 15 اپریل کو پیش کردیا جائے گا مگر آئی فون 12 سیریز کا ایک فون یا تمام ڈیوائسز ستمبر کی جگہ اکتوبر تک التوا کا شکار ہوسکتی ہیں۔

ایپل کا سستا آئی فون پہلے 31 مارچ کو پیش کیے جانے کا امکان تھا، مگر پھر اسے 3 اپریل اور اب ممکنہ طور پر 15 اپریل کو متعارف کرایا جاسکتا ہے۔

یہ نیا آئی فون 2016 کے آئی فون ایس ای کا جانشین ہوگا تاہم اس میں آئی فون 11 کا طاقتور پراسیسر دیا جائے گا۔

ڈیزائن اور فیچرز

اس فون کا ڈیزائن آئی فون 8 سے ملتا جلتا ہوگا جس میں 4.7 انچ کا ایل سی ڈی ڈسپلے دیا جائے گا جس میں ٹچ آئی ڈی بٹن ہوگا مگر فیس آئی ڈی کا فیچر نہیں ہوگا۔

اس فون میں اے 13 بائیونک پراسیسر دیا جائے گا جو آئی فون 11 سیریز کے فونز میں بھی موجود ہے۔

اس کے علاوہ 3 جی بی ریم اور 64 سے 128 جی بی اسٹوریج دی جائے گی۔

فون میں فرنٹ اور بیک پر ایک، ایک کیمرا ہوگا۔

قیمت

اس فون کی خاص بات اس کی قیمت ہوگی جو بیشتر آئی فونز کے مقابلے میں بہت سستا ہوگا۔

اس فون کی قیمت 399 ڈالرز (66 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) سے شروع ہوگی اور آئی فون 11 سے لگ بھگ 50 فیصد سستا ہوگا۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ آئی فون ایس ای کو جب 2016 میں پیش کیا گیا تھا تو اس کی قیمت بھی یہی تھی، مگر 4 سال کے فرق کے باوجود کمپنی کی جانب سے قیمت میں کوئی اضافہ نہیں کیا جارہا ہے۔

اس سے پہلے ایک رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ اس نئے فون کے ساتھ اس کا پلس ورژن بھی متعارف کرایا جائے گا جس میں 5.5 انچ ڈسپلے دیا جاسکتا ہے۔

آئی فون 11 اور آئی فون ایکس آر کی مقبولیت کو دیکھتے ہوئے کمپنی کو توقع ہے کہ سستے آئی فونز لوگوں کی توجہ حاصل کرنے میں کامیاب ہوجائیں گے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (1) بند ہیں

rizwan ali soomro Apr 11, 2020 10:13pm
Bohaat sastaaa ha kamal ha 66 k....