’چنے کے کھیت’ اور ’چولی کے پیچھے’ گانوں کی کوریوگرافر سروج خان چل بسیں

اپ ڈیٹ 03 جولائ 2020
سروج خان کی کوریوگرافی کے باعث ہی مادھوری کو شہرت ملی — اسکرین شاٹ یوٹیوب
سروج خان کی کوریوگرافی کے باعث ہی مادھوری کو شہرت ملی — اسکرین شاٹ یوٹیوب

بولی وڈ کی معروف ڈانسر و کوریوگرافر سروج خان 71 سال کی عمر میں دل کا دورہ پڑنے سے چل بسیں۔

سروج خان نے اپنے 40 سالہ کیریئر میں 2 ہزار سے زائد گانوں کی کوریوگرافی کی، جن میں سے متعدد گانوں میں انہوں نے خود بھی بطور ڈانسر پرفارمنس کیا۔

سروج خان کو کوریوگرافی کی بولی وڈ کی ماں بھی کہا جاتا تھا، انہوں نے سری دیوی اور مادھوری ڈکشٹ سمیت ایشوریا رائے جیسی کئی مشہور اداکاراؤں کے معروف گانوں کی کوریوگرافی ترتیب دی۔

سروج خان نے ’چنے کے کھیت، چولی کے پیچھے، تما تما لوگے، ایک دو تین، ڈولا رے، ڈولا رے اور جیا دھک دھک کرنے لگا’ سمیت درجنوں معروف گانوں کی کوریو گرافی کی۔

سروج خان نے انتہائی کم عمری میں بطور چائلڈ ڈانسر آرٹسٹ کام کا آغاز کیا اور محض 13 برس کی عمر میں خود سے 30 سال سے زائد العمر کوریوگرافر شخص سے شادی کرکے سب کو حیران کردیا تھا۔

سروج خان کی پیدائش متحدہ ہندوستان میں ہوئی تھیں اور ان کے آباؤ اجداد پاکستان کے علاقوں میں رہائش پذیر تھے، تاہم تقسیم سے قبل ہی وہ موجودہ ہندوستان کی جانب ہجرت کرگئے تھے۔

یہ بھی پڑھیں: کوریو گرافر سروج خان کا بولی وڈ میں خواتین سے متعلق متنازع بیان

سروج خان کی پہلی شادی زیادہ عرصے نہیں چلی اور انہوں نے 1975 میں مسلمان صنعت کار سردار روشن خان سے شادی کی، جن سے انہیں ایک بیٹی سکینہ خان ہیں۔

سروج خان کو بطور کوریو گرافر دوسری شادی کے بعد شہرت حاصل ہوئی اور انہوں نے درجنوں فلموں کے 2 ہزار کے قریب گانوں کے رقص کو ترتیب دیا، ان کی کوریوگرافی کے باعث ہی سری دیوی اور مادھوری ڈکشٹ جیسی اداکاراؤں نے الگ مقام بنایا۔

سروج خان نے گزشتہ سال ریلیز ہونے والی فلموں کلنک اور منی کارنیکا جیسی فلموں کی کوریوگرافی کی تھی، مجموعی طور پر انہوں نے کاجول، ارمیلا، شلپا شیٹھی، ایشوریا رائے، قطرینہ کیف، تپسی پنو، عالیہ بھٹ، پریٹی زنٹا اور رانی مکھرجی جیسی کامیاب اداکاراؤں کے گانوں کی کوریوگرافی کی۔

مزید پڑھیں: بولی وڈ کوریوگرافر نے ’پورن فلمیں' دیکھنے پر مجبور کیا، خاتون کا دعویٰ

سروج خان کو یہ اعزاز بھی حاصل ہے کہ انہوں نے بولی وڈ میں کئی دہائیوں سے خواتین کے ساتھ ہونے والی ناانصافی پر بھی کھل کر بات کی اور انہوں نے می ٹو مہم شروع ہونے کے بعد انکشاف کیا کہ بولی وڈ میں کام کے بدلے سیکس کئی دہائیوں سے چل رہا ہے۔

2 سال قبل اپریل 2018 میں سروج خان نے کاسٹنگ کاؤچ (یعنی کام کے بدلے جنسی تعلقات) پر کھل کر بات کی اور انکشاف کیا کہ بولی وڈ فلم انڈسٹری میں ایسا سلسلہ کئی دہائیوں سے چلا آ رہا ہے۔

ڈولا رے ڈولا رے گانے کی کوریوگرافی بھی سروج خان نے ترتیب دی تھی—اسکرین شاٹ
ڈولا رے ڈولا رے گانے کی کوریوگرافی بھی سروج خان نے ترتیب دی تھی—اسکرین شاٹ

سروج خان کے ایسے بیان پر کئی اہم اداکارائیں اور فلم ساز ان سے ناراض بھی ہوئے تھے تاہم کئی شوبز شخصیات نے ان کے بیان سے اتفاق بھی کیا تھا۔

سروج خان گزشتہ کچھ عرصے سے بڑھتی عمر کی وجہ سے صحت کے مسائل کا شکار تھیں اور انہوں نے سرگرمیوں کو محدود کردیا تھا تاہم گزشتہ ماہ کے وسط میں ان کی طبیعت کافی ناساز ہوگئی تھی۔

بھارتی اخبار ٹائمز آف انڈیا کے مطابق سروج خان کو 20 جون کو سانس لینے میں دشواری کے باعث ہسپتال داخل کرایا گیا تھا، جہاں ان کا کورونا ٹیسٹ بھی کیا گیا تھا۔

A photo posted by Instagram (@instagram) on

پورٹ کے مطابق سروج خان کا کورونا ٹیسٹ منفی آیا تھا تاہم ان کی طبیعت میں کوئی خاص بہتری نہیں آ رہی تھی اور وہ مسلسل ہسپتال میں داخل تھیں۔

A photo posted by Instagram (@instagram) on

رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ بڑھتی عمر سمیت ذیابیطس، سانس لینے میں تکلیف اور دل کی بیماریوں کی وجہ سے کوریو گرافر کی طبیعت ناساز تھی، تاہم گزشتہ شب انہیں دوران علاج دل کا دورہ پڑا، جس وجہ سے وہ چل بسیں۔

A photo posted by Instagram (@instagram) on

سروج خان کے انتقال پر ان کی ترتیب دی ہوئی کوریوگرافی پر ڈانس کرنے والی اداکاراؤں سمیت اداکاروں نے بھی دکھ کا اظہار کیا اور ان کی موت کو انڈسٹری کے لیے بڑا نقصان قرار دیا۔

مادھوری ڈکشٹ، شلپا شیٹھی، امیتابھ بچن، کنگنا رناوٹ اور تپسی پنو سمیت کئی شخصیات نے ان کی موت پر افسوس کا اظہار کیا۔

A photo posted by Instagram (@instagram) on

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں