عالمی برادری کشمیریوں کو بھارتی مظالم سے نجات دلانے کیلئے کردار ادا کرے، وزیر خارجہ

03 نومبر 2020
پاکستان اور یورپی یونین کے مابین اسٹریٹجک مذاکرات کا پانچواں اجلاس ہوا — فائل فوٹو / پی آئی ڈی
پاکستان اور یورپی یونین کے مابین اسٹریٹجک مذاکرات کا پانچواں اجلاس ہوا — فائل فوٹو / پی آئی ڈی

وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے یورپی یونین اور عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ وہ کشمیریوں کو بھارتی استبداد سے نجات دلانے کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔

سرکاری خبر رساں ایجنسی ’اے پی پی‘ کے مطابق پاکستان اور یورپی یونین کے مابین اسٹرٹیجک مذاکرات کے پانچویں اجلاس سے ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان اور یورپی یونین کے مابین کثیرالجہتی، دوطرفہ تعلقات موجود ہیں جبکہ دونوں کے درمیان مختلف باہمی دلچسپی کے شعبہ جات میں اعلیٰ سطح کے روابط کا تسلسل، خوشگوار دوطرفہ تعلقات کا مظہر ہیں۔

فریقین نے پاکستان اور یورپی یونین کے مابین گزشتہ برس طے پانے والے ’اسٹرٹیجک انگیجمنٹ پلان‘ پر عملدرآمد پر اظہار اطمینان کرتے ہوئے باہمی دلچسپی کے شعبہ جات میں دوطرفہ باہمی تعاون کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا۔

اجلاس کے دوران کورونا وائرس کی صورتحال اور اس وبا کے مضمرات سے نمٹنے کے لیے حکمت عملی پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا اور فریقین نے عالمی وبا کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے اٹھائے گئے اقدامات پر روشنی ڈالی۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان کا مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی ریاستی دہشت گردی پر اظہار مذمت

وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان نے محدود معاشی وسائل کے باوجود اسمارٹ لاک ڈاؤن حکمت عملی کے ذریعے کورونا وبا کے پھیلاؤ میں کمی لانے میں کامیابی حاصل کی، وائرس کی عالمی وبائی صورتحال کے پیش نظر کمزور معیشتوں کی بحالی کے لیے وزیر اعظم عمران خان نے قرضوں کی ادائیگی میں سہولت کی تجویز دی تھی جسے عالمی سطح پر سراہا گیا۔

انہوں نے کورونا وبا کے دوران یورپی یونین کی جانب سے فراہم کی جانے والی بروقت معاونت پر یورپی یونین کے سربراہ برائے امور خارجہ کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ وائرس کے چیلنج سے موثر انداز میں نمٹنے کے لیے عالمی سطح پر مشترکہ کاوشیں بروئے کار لانے کی ضرورت ہے۔

شاہ محمود قریشی نے پاکستان میں غریب طبقات کی معاشی معاونت کے لیے شروع کیے گئے احساس پروگرام کے خدوخال اور اس پروگرام سے حاصل ہونے والے حوصلہ افزا نتائج پر بھی روشنی ڈالی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ماحولیاتی تبدیلیوں کے مضمرات سے نمٹنے کے لیے ’کلین گرین پاکستان‘ پروگرام کا آغاز کیا۔

مزید پڑھیں: کورونا وائرس: یورپی یونین کا پاکستان کیلئے 26 ارب روپے سے زائد امداد کا اعلان

وزیر خارجہ نے اپنے یورپی ہم منصب کو بعض یورپی ممالک میں اسلاموفوبیا کے بڑھتے ہوئے رجحان پر پاکستان سمیت پوری دنیا کے مسلمانوں میں پائی جانے والی تشویش سے آگاہ کیا۔

دوران اجلاس افغانستان میں قیام امن کے لیے جاری کاوشوں کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

دونوں وزرائے خارجہ نے بین الافغان مذاکرات کے انعقاد کو افغانستان میں قیام امن کے لیے اہم سنگ میل قرار دیا۔

شاہ محمود قریشی نے بھارت کی جانب سے مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں اور نہتے کشمیریوں پر ڈھائے جانے والے مظالم سے آگاہ کرتے ہوئے یورپی یونین سمیت عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ کشمیریوں کو بھارتی استبداد سے نجات دلانے اور مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کرانے کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔

تبصرے (0) بند ہیں