اپوزیشن کو اپنے مورچوں سے اداروں پر گولہ باری کرنا زیب نہیں دیتا، فردوس عاشق اعوان

اپ ڈیٹ 14 نومبر 2020
معاون خصوصی نے کہا کہ گلگت بلتستان کے نتائج سے معلوم ہوگا کہ عوام کس قیادت پر اعتماد کرتے ہیں — فوٹو: ڈان نیوز
معاون خصوصی نے کہا کہ گلگت بلتستان کے نتائج سے معلوم ہوگا کہ عوام کس قیادت پر اعتماد کرتے ہیں — فوٹو: ڈان نیوز

وزیر اعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے ڈی جی آئی ایس پی آر کی پریس کانفرنس کے حوالے سے کہا ہے کہ میجر جنرل بابر افتخار کے انکشافات سب کے لیے آنکھیں کھولنے کے لیے بہت ہیں کہ بھارت کس طرح پاکستان میں اپنی خفیہ ایجنسی 'را' کے ذریعے ہماری قومی سلامتی کے ساتھ کھیل رہا ہے۔

لاہور میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے فردوس عاشق اعوان نے اپوزیشن کی کسی جماعت کا نام لیے بغیر کہا کہ بھارتی فورسز ہمارے سرحدی علاقوں پر گولہ باری کر رہی ہے جبکہ اپوزیشن کو اپنے مورچوں سے اداروں کو متنازع بنا کر گولہ باری کرنا زیب نہیں دیتا۔

مزید پڑھیں: بھارت اب ہمارے جواب کا انتظار کرے، پاک فوج

انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کو فی الفور اپنے اداروں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرنا چاہیے۔

معاون خصوصی نے کہا کہ دشمن کے خلاف سرحد پر موجود ہمارے سپاہیوں کی حوصلہ افزائی کے لیے بھی یکجہتی کا اظہار ضروری ہے۔

ایک سوال کے جواب میں فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ گلگت بلتستان میں انتخابات کا فیصلہ سابق صدر آصف علی زرداری کی زبان یا دماغ نہیں بلکہ وہاں کے عوام کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان میں پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی موجودگی سے کوئی فرق نہیں پڑتا، فیصلہ وقت کرے گا۔

فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ گلگت بلتستان میں منعقد ہونے والے انتخابات کے نتائج سے معلوم ہوگا کہ عوام کس قیادت پر اعتماد کرتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: بھارت پاکستان میں سیاسی شخصیات کو نشانہ بنا سکتا ہے، شیخ رشید

واضح رہے کہ آج وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل بابر افتخار نے مشترکہ پریس کانفرنس میں پاکستان میں بھارت کی جانب سے دہشت گردی اور دہشت گردوں کو مالی معاونت کے ثبوت پیش کیے تھے اور اس حوالے سے ایک ڈوزیئر بھی جاری کیا۔

7 نکات پر مشتمل ڈوزیئر میں سے ایک میں بھارت پر زور دیا کہ وہ پاکستان میں دہشت گردی کی اسپانسرشپ روکے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی سفارتخانہ انسانی مدد کے کام اور بلوچستان منصوبوں کی آڑ میں قوم پرستوں کو ایک بھاری رقم ادا کر رہا ہے، ہمارے پاس 2 کروڑ 33 لاکھ 5 ہزار امریکی ڈالر کی 4 ٹرانزیکشن کے ثبوت موجود ہیں تاہم یہاں پیش کردہ ایک ثبوت کے مطابق بلوچستان میں بدامنی کے لیے قومی پرست کو 50 لاکھ ڈالر ادا کیے گئے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں