پاکستان سپر لیگ میں ڈین جونز کو خراج تحسین

اپ ڈیٹ 14 نومبر 2020
ٹیم ڈگ آؤٹ میں ڈین جونز کا علامتی پتلا رکھا گیا ہے— فوٹو شبکریہ ٹوئٹر
ٹیم ڈگ آؤٹ میں ڈین جونز کا علامتی پتلا رکھا گیا ہے— فوٹو شبکریہ ٹوئٹر

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے پلے آف کا دوبارہ آغاز ہو چکا ہے اور لیگ کے دوبارہ آغاز پر کراچی کنگز کے آنجہانی کوچ ڈین جونز کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔

عالمی شہرت یافتہ آسٹریلین بلے باز ڈین جونز گزشتہ ماہ ممبئی میں دل کا دورہ پڑنے سے 59 سال کی عمر میں انتقال کر گئے تھے۔

مزید پڑھیں: سابق آسٹریلین کرکٹر ڈین جونز ممبئی میں انتقال کر گئے

آج پاکستان سپر لیگ کے پانچویں ایڈیشن کے دوبارہ آغاز کے موقع پر کراچی کنگز اور ملتان سلطانز دونوں کے کھلاڑیوں نے ڈین جونز کو خراج تحسین پیش کیا۔

دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں نے میدان میں مل کر انگریزی حروف تہجی کا لفظ ڈی بنایا اور ایک منٹ کی خاموشی اختیار کرکے ڈین جونز کو خراج تحسین پیش کیا۔

اس کے علاوہ ٹیم ڈگ آؤٹ میں ان کی موجودگی کا احساس دلانے کے لیے ایک علامتی پتلا بھی رکھا گیا ہے۔

انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کے سلسلے میں اسٹار انڈیا کے لیے کمنٹیٹر کی حیثیت سے فرائض انجام دینے والے سابق آسٹریلین کرکٹر کو دل کا دورہ پڑا جس سے وہ انتقال کر گئے تھے۔

یہ بھی پڑھیں: پی ایس ایل: ڈین جونز نے نیشنل اسٹیڈیم میں کچرا اٹھا کر مثال قائم کردی

ڈین جونز ممبئی میں واقع اپنے ہوٹل کے کوریڈور میں ساتھیوں کے ہمراہ گفتگو کر رہے تھے، دوران گفتگو اس وقت سب لوگوں کو دھچکا لگا جب وہ ایک دم زمین پر گر گئے جس کے بعد انہیں ایمبولینس میں ہنگامی بنیادوں پر ہرکشن داس ہسپتال پہنچایا گیا جہاں ہسپتال انتظامیہ نے بتایا کہ یہاں آنے سے قبل ہی ان کی موت واقع ہو چکی ہے۔

ڈین جونز نے 59 ٹیسٹ اور 164 ون ڈے میچوں میں آسٹریلیا کی نمائندگی کی جبکہ وہ 1987 میں آسٹریلیا کے لیے پہلی مرتبہ ورلڈ کپ جیتنے والی ٹیم کے اہم رکن بھی تھے۔

1997-98 میں ریٹائرمنٹ کے بعد وہ کمنٹری کے شعبے سے وابستہ ہو گئے اور پاکستان سپر لیگ سمیت دنیا کی مختلف لیگز میں کوچنگ کے فرائض بھی انجام دیتے رہے۔

مزید پڑھیں: ڈین جونز، پہلی یاد سے آخری یاد تک!

ڈین جونز پی ایس ایل کے پہلے ایڈیشن سے ہی لیگ کا حصہ رہے، وہ ابتدائی چار سال اسلام آباد یونائیٹڈ کے کوچ رہے اور ان کی کوچنگ میں یونائیٹڈ دو مرتبہ چیمپیئن بھی بنے جبکہ اس سال وہ کراچی کنگز سے وابستہ ہو گئے تھے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں