اداکار امیر گیلانی 13 دن میں کورونا کو شکست دینے میں کامیاب

اپ ڈیٹ 16 نومبر 2020
امیر گیلانی میں رواں ماہ 2 نومبر کو کورونا کی تشخیص ہوئی تھی—فائل فوٹو: انسٹاگرام
امیر گیلانی میں رواں ماہ 2 نومبر کو کورونا کی تشخیص ہوئی تھی—فائل فوٹو: انسٹاگرام

'ثبات' جیسے مشہور ڈراموں میں اداکاری کرنے والے اداکار امیر گیلانی محض 13 دن میں کورونا کو شکست دینے میں کامیاب ہوگئے۔

امیر گیلانی میں رواں ماہ 2 نومبر کو کورونا کی تشخیص ہوئی تھی اور انہوں نے خود کو قرنطینہ کرلیا تھا۔

اداکار نے خود میں کورونا کی تشخیص ہونے کے بعد ویڈیو پیغام میں مداحوں کو بتایا تھا کہ ان کے سونگھنے اور چکھنے کی صلاحیت ختم ہوچکی ہے اور انہوں نے ٹیسٹ مثبت آنے پر خود کو گھر میں قرنطینہ کرلیا۔

اداکار نے ویڈیو میں مداحوں کو اپنا کمرہ بھی دکھایا تھا اور ساتھ ہی مداحوں سے جلد صحت یابی کے لیے دعا کی درخواست بھی کی تھی۔

A photo posted by Instagram (@instagram) on

قرنطینہ میں رہنے کے دوران امیر گیلانی نے اپنے والدین کے ہمراہ کھچوائی گئی پرانی تصویر بھی انسٹاگرام پر شیئر کی تھی اور بتایا تھا کہ وہ تنہائی میں اپنے اہل خانہ کو بہت یاد کر رہے ہیں۔

اور اب اداکار نے 13 دن بعد 15 نومبر کو اپنی انسٹاگرام پوسٹ میں بتایا کہ ان کا دوسرا کورونا ٹیسٹ منفی آیا ہے اور وہ بیماری کو شکست دینے میں کامیاب ہوگئے۔

یہ بھی پڑھیں: کورونا وائرس کا شکار عامر لیاقت طبیعت بگڑنے پر ہسپتال منتقل

امیر گیلانی نے اپنی پوسٹ میں بتایا کہ گزشتہ 15 دن ان کے لیے خوفناک تھے اور انہوں نے یہ مدت پریشانی میں رہ کر گزاری لیکن اب وہ کورونا کو شکست دینے کے بعد خود کو بہتر محسوس کر رہے ہیں۔

اداکار نے مداحوں کو بتایا کہ وہ ان کی دعاؤں کی وجہ سے ہی صحت یاب ہوئے ہیں۔

A photo posted by Instagram (@instagram) on

خیال رہے کہ امیر گیلانی سے قبل بھی متعدد شوبز شخصیات کورونا کا شکار بن چکی تھی تاہم تقریبا تمام ہی شخصیات کورونا سے 2 سے 3 ہفتوں میں صحت یاب ہوگئیں۔

امیر گیلانی پاکستان میں کورونا کی دوسری لہر کے دوران اس کا نشانہ بنے اور دوسری لہر میں تیزی سے یومیہ نئے کیسز سامنے آ رہے ہیں۔

پاکستان بھر میں 15 نومبر تک ملک میں مجموعی فعال کیسز کی تعداد بڑھ کر 26 ہزار سے زائد ہوگئی تھی۔

ملک بھر میں 15 نومبر کی دوپہر تک کورونا میں مبتلا ہونے والے افراد کی تعداد بڑھ کر 3 لاکھ 56 ہزار 904 تک جا پہنچی تھی، جس میں سے 3 لاکھ 23 ہزار 225 افراد صحت یاب ہوچکے تھے۔

پاکستان بھر میں 15 نومبر کی دوپہر تک کورونا سے ہونے والی اموات کی تعداد 7 ہزار 141 تک جا پہنچی تھی۔

A photo posted by Instagram (@instagram) on

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں