برطانوی شہزادے کی وزیر اعظم سے ٹیلیفونک گفتگو، کورونا سے اموات پر اظہار تعزیت

بیان میں کہا گیا کہ برطانیہ کورونا وبا کے دوران پاکستان کو ضروری امداد فراہم کر رہا ہے — فائل فوٹو / ریڈیو پاکستان / اے ایف پی
بیان میں کہا گیا کہ برطانیہ کورونا وبا کے دوران پاکستان کو ضروری امداد فراہم کر رہا ہے — فائل فوٹو / ریڈیو پاکستان / اے ایف پی

وزیر اعظم عمران خان سے ٹیلی فونک گفتگو میں برطانوی شہزادہ چارلس نے پاکستان میں کورونا وائرس سے ہونے والی اموات پر تعزیت کا اظہار کیا۔

دفتر خارجہ سے جاری بیان کے مطابق برطانوی شہزادہ چارلس اور وزیر اعظم عمران خان کے درمیان ٹیلی فونک گفتگو ہوئی۔

دوران گفتگو دونوں رہنماؤں نے کامن ویلتھ ممالک کے درمیان قریبی اور منفرد تعلقات کے عزم کا اعادہ کیا اور پاک ۔ برطانیہ بہترین بین الاقوامی دوستی پر بھی گفتگو کی۔

ٹیلی فونک گفتگو کے دوران شہزادہ چارلس نے پاکستان میں کورونا وائرس کے باعث ہونے والے جانی نقصان پر تعزیت کا اظہار کیا۔

بیان میں کہا گیا کہ برطانیہ کورونا وبا کے دوران پاکستان کو ضروری امداد فراہم کر رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان میں پانچ دن میں 10 ڈاکٹر کورونا سے جاں بحق

وزیر اعظم اور برطانوی شہزادے نے مشترکہ عالمی چیلنجز سے نمٹنے بالخصوصی موسمیات تبدیلی اور ماحول کے تحفظ کے لیے زیادہ عالمی تعاون کی ضرورت پر اتفاق کیا۔

شہزادہ چارلس نے موسمیاتی تبدیلی کے خطرے سے نمٹنے میں پاکستان کے عزم کا خیر مقدم کیا اور پاکستان میں قابل تجدید توانائی کا استعمال بڑھانے کے لیے برطانوی تعاون کا اعادہ کیا۔

برطانیہ آئندہ سال موسمیاتی تبدیلی سے متعلق اقوام متحدہ کی 26ویں کانفرنس کی میزبانی کرے گا۔

واضح رہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس کی دوسری لہر جاری ہے اور ہر گرزتے دن کے ساتھ کبھی اموات تو کبھی کیسز میں اضافہ دیکھا جارہا ہے۔

اگرچہ حکام کی جانب سے دوسری لہر کے پیش نظر تعلیمی اداروں کی بندش سمیت مختلف اقدامات اٹھائے گئے ہیں تاہم کورونا وائرس سے متعلق حفاظتی اصولوں کی خلاف ورزیاں نظر آرہی ہیں۔

ملک میں اس وائرس سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 4 لاکھ 6ہزار 810 ہے جس میں سے 3 لاکھ 46 ہزار 951 صحتیاب ہوچکے ہیں جو 85 فیصد سے زائد ہے جبکہ 8 ہزار 205 مریضوں کا انتقال ہوا ہے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں