بھارتی وزیراعظم کا نواز شریف کو والدہ کی وفات پر تعزیتی خط

تعزیتی خط میں نریندر مودی نے لکھا کہ آپ کی والدہ کی  سادگی اور گرم جوشی بہت متاثر کن تھی — فائل فوٹو / وزیر اعظم ہاؤس
تعزیتی خط میں نریندر مودی نے لکھا کہ آپ کی والدہ کی سادگی اور گرم جوشی بہت متاثر کن تھی — فائل فوٹو / وزیر اعظم ہاؤس

بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے سابق وزیر اعظم و مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف کو خط لکھ کر ان کی والدہ کی وفات پر تعزیت کا اظہار کیا ہے۔

بھارتی ناظم الامور گورو اہلووالیا نے 11 دسمبر کو تعزیتی خط مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر اور نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز کو ان کے لاہور کے پتے پر بھجوایا، جس میں ان سے تعزیتی خط لندن میں مقیم نواز شریف تک پہنچانے کی درخواست کی گئی تھی۔

نریندر مودی کی طرف سے نواز شریف کو 27 نومبر کو لکھے گئے تعزیتی خط میں، جس کی کاپی ڈان نیوز کو موصول ہوئی اور بھارتی ہائی کمیشن ذرائع نے اس کی تصدیق کی، بھارتی وزیر اعظم نے کہا ہے کہ 'میاں صاحب، آپ کی والدہ بیگم شمیم اختر کے انتقال پر بہت افسوس ہوا اور دکھ کے اس وقت میں آپ سے اظہار تعزیت کرتا ہوں'۔

یہ بھی پڑھیں: بیگم شمیم اختر کی جاتی امرا میں تدفین

انہوں نے لکھا کہ '2015 میں مختصر دورے میں آپ کی والدہ سے ملا تھا، ان کی سادگی اور گرم جوشی بہت متاثر کن تھی'۔

نریندر مودی کا کہنا تھا کہ 'میں خدا سے دعاگو ہوں کہ آپ کو اور آپ کے خاندان کو اس ناقابل تلافی نقصان برداشت کرنے کا حوصلہ عطا فرمائے'۔

واضح رہے کہ نواز شریف اور شہباز شریف کی والدہ 22 نومبر کو لندن میں انتقال کر گئی تھیں۔

ان کا جسد خاکی پاکستان لایا گیا تھا اور ان کی تدفین جاتی امرا میں کی گئی۔

مزید پڑھیں: لندن میں نواز شریف کی والدہ کی نماز جنازہ ادا، جسد خاکی پاکستان روانہ

وہ رواں سال 15 فروری کو برطانیہ میں نواز شریف کی ہارٹ سرجری کے پیش نظر بیٹے سے ملاقات کے لیے لندن روانہ ہوئی تھیں۔

تبصرے (0) بند ہیں