نواز اور شہباز شریف کی والدہ انتقال کرگئیں

نواز شریف اس وقت لندن میں موجود ہیں—فائل فوٹو: ڈان نیوز
نواز شریف اس وقت لندن میں موجود ہیں—فائل فوٹو: ڈان نیوز

سابق وزیراعظم نواز شریف اور سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کی والدہ شمیم اختر لندن میں انتقال کرگئیں۔

اس حوالے سے مسلم لیگ (ن) کے ڈپٹی سیکریٹری جنرل عطا اللہ تارڑ کی جانب سے ٹوئٹ کے ذریعے تصدیق کی گئی کہ ’نواز شریف اور شہباز شریف کی والدہ انتقال کرگئیں‘۔

مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور رکن قومی اسمبلی پرویز ملک نے بھی ڈان کو نواز اور شہباز شریف کی والدہ کے انتقال کی تصدیق کی۔

دوسری جانب شمیم اختر کی موت کی وجہ فوری طور پر معلوم نہیں ہوسکی تاہم مسلم لیگ (ن) کے پارٹی ذارائع نے بتایا کہ وہ کافی مہینوں سے علیل تھیں۔

ذرائع نے بتایا کہ شمیم اختر کے انتقال کے بارے میں پشاور میں موجود مریم نواز کو آگاہ کردیا گیا ہے۔

اس حوالے سے مسلم لیگ (ن) کی رکن صوبائی اسمبلی عظمیٰ بخاری نے ڈان کو بتایا کہ گزشتہ ہفتے سے ان کی طبیعت زیادہ خراب ہوگئی تھی تاہم اتوار کو وہ گھر میں ہی تھیں۔

عظمیٰ بخاری کے مطابق نواز اور شہباز شریف کی والدہ کی عمر 93 سے 94 سال کے قریب تھی۔

یاد رہے کہ 15 فروری 2020 کو برطانیہ میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف کی ہارٹ سرجری کے پیش نظر ان کی والدہ شمیم بی بی بیٹے سے ملاقات کے لیے لندن روانہ ہوئی تھیں۔

ادھر ڈان نیوز ٹی وی نے رپورٹ کیا کہ پاکستان سے لندن آنے کے کچھ عرصے بعد سے ان کی حالت بہتر نہیں تھی۔

اس حوالے سے خاندانی ذرائع نے بتایا نواز شریف اور شہباز شریف کی والدہ کی تدفین کے حوالے سے ابھی فیصلہ کیا جارہا ہے اور اگر انہیں لندن میں دفنایا جاتا ہے تو شہباز شریف اور مریم نواز کی روانگی کے لیے حکومت سے درخواست کی جائے گی۔

نوازشریف کی والدہ کو خاندانی قبرستان میں سپرد خاک کیا جائے گا، مرزا محمد جاوید

مسلم لیگ (ن) کے ایم پی اے مراز محمد جاوید نے تصدیق کی کہ نواز شریف کی والدہ شمیم بیگم کو جاتی امرا میں شریف فیملی کے خاندانی قبرستان میں سپرد خاک کیا جائے گا۔

انہوں نے بتایا کہ نوازشریف کی والدہ کی قبر کی نشاندہی اور تیاری بروز پیر (کل) صبح آٹھ بجے کی جائے گی۔

علاوہ ازیں لندن میں موجود قریبی ذرائع نے بتایا کہ شہبازشریف کی والدہ شمیم اختر کی پہلی نماز جنازہ لندن کی سینٹرل مسجدریجنٹ پارک بیکر اسٹریٹ میں ادا کی جائے گی۔

انہوں نے بتایا کہ شریف فیملی لندن سے لاہور جانے والی کسی بھی بین الاقوامی فلائٹ کے ذریعے ڈیڈ باڈی پاکستان بھیجے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ شمیم بیگم کی گزشتہ رات طبیعت خراب ہونے پر شریف فیملی کے ایون فیلڈ میں موجود رہی۔

تعزیتی پیغامات

دوسری جانب سرکاری خبررساں ادارے اے پی پی کے مطابق وزیراعظم عمران خان اور وفاقی وزرا کی نے شمیم بی بی کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا۔

پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے بھی بیگم شمیم اختر کے انتقال پر افسوس اور دلی تعزیت کا اظہار کیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر نے ٹوئٹ کی کہ آرمی چیف نے نواز اور شہباز شریف کی والدہ کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔

آرمی چیف نے کہا کہ اللہ انہیں جوار رحمت میں جگہ عطا فرمائے۔

پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے شمیم اختر کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا۔

ایک بیان میں بلاول بھٹو زرداری نے نواز شریف سے ان کی والدہ کے انتقال پر دلی ہمدردی و افسوس کا اظہار کیا، ساتھ ہی انہوں نے شہباز شریف اور مریم نواز سے بھی تعزیت کی۔

بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ آپ کے غم میں برابر کے شریک ہیں اور دعا گو ہوں کہ اللہ مرحومہ کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور سوگواران کو صبر جمیل عطا فرمائے۔

وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی ڈاکٹر شہباز گل نے بھی شمیم اختر کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا۔

اپنی ٹوئٹ میں انہوں نے لکھا کہ ’شریف برادران کی والدہ کے انتقال پر پسماندگان سے افسوس کا اظہار کرتا ہیں، دعاگو ہیں کہ اللہ مرحومہ کے درجات بلند فرمائیں اور ورثا کو صبر نصیب فرمائیں’۔

وہی سینیٹر فیصل جاوید خان نے لکھا کہ ’اللہ تعالی مرحوم محمد شریف کی اہلیہ بیگم شمیم اختر کو جنت میں جگہ عطا فرمائے اور ان کے خاندان اور عزیز و اقارب کو صبر جمیل عطا فرمائے‘۔

بار کونسلز کا اظہار تعزیت

نواز شریف اور شہباز شریف کی والدہ کے انتقال پر پاکستان بار کونسل اور سپریم کورٹ بار کے عہدیداروں نے تعزیت کا اظہار کیا ہے۔

وائس چیئرمین پاکستان بار کونسل عابد ساقی، چیئرمین ایگزیکٹو کمیٹی پاکستان بار کونسل اعظم نذیر تارڑ اور صدر سپریم کورٹ بار لطیف خان آفریدی نے اظہار تعزیت میں کہا کہ اللہ مرحومہ کو اپنے جوار رحمت میں جگہ عطا فرمائے۔

انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ سوگوار خاندان کو صبر جمیل عطا فرمائے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں