نمبر ون وکٹ کیپر کون؟ محمد حفیظ کی ٹوئٹ پر سرفراز برہم

13 فروری 2021
قومی ٹیم کے سابق کپتان سرفراز احمد نے محمد رضوان کی ٹوئٹ پر برہمی کا اظہار کیا— فائل فوٹوز: اے ایف پی
قومی ٹیم کے سابق کپتان سرفراز احمد نے محمد رضوان کی ٹوئٹ پر برہمی کا اظہار کیا— فائل فوٹوز: اے ایف پی

محمد رضوان کی جنوبی افریقہ کے خلاف ٹی20 میں شاندار سنچری پر محمد حفیظ نے ان کی تعریف کرتے ہوئے زومعنی ٹوئٹ کی جس پر قومی ٹیم کے سابق کپتان سرفراز احمد نے برہمی کا اظہار کیا ہے۔

محمد رضوان نے ایک مرتبہ پھر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منواتے ہوئے ٹیسٹ میچ کے بعد جنوبی افریقہ کے خلاف ٹی20 میچ میں بھی سنچری اسکور کی۔

یہ بھی پڑھیں: محمد رضوان تمام طرز کرکٹ میں سنچری بنانے والے دوسرے پاکستانی بلے باز

اس شاندار کارکردگی پر رضوان ہر جگہ سے داد سمیٹ رہے ہیں اور محمد حفیظ بھی ان کی تعریف کیے بغیر نہ رہ سکے۔

حفیظ نے ٹوئٹ میں کہا کہ رضوان آپ کو سنچری پر مبارکباد، آپ ایک چمکتے ہوئے ستارے ہیں، مجھے حیرت ہے کہ آپ کو کب تک یہ ثابت کرنے کی ضرورت پڑتی رہے گی کہ آپ کھیل کے تمام فارمیٹ میں پاکستان کے نمبر ون وکٹ کیپر بلے باز ہیں۔

نمبر ون وکٹ کیپر کا یہ بیانیہ سرفراز کو پسند نہ آیا اور انہوں نے حفیظ کی ٹوئٹ کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ حفیظ بھائی صاحب! امتیاز احمد، وسیم باری، تسلیم عارف، سلیم یوسف، معین خان اور راشد لطیف سے لے کر کامران اکمل اور اب رضوان تک جو بھی پاکستان کے لیے کھیلا وہ ملک کے لیے نمبر ون ہی رہا ہے اور اسی مناسبت سے اس کی عزت کی جاتی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہم سب رضوان کے ساتھ ہیں اور ہماری خواہش ہے کہ وہ ہمارے وطن عزیز کے لیے مزید شاندار اننگز کھیلیں۔

سرفراز نے حفیظ کو ایک مرتبہ پھر مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آئندہ بھی جس کو بھی چانس ملے گا وہ پاکستان کے لیے نمبر ون ہی ہو گا، ہم کچھ اور نہیں بلکہ پاکستان کے لیے متعدد میچز کھیلنے والے بین الاقوامی کھلاڑی سے مثبت رویے کی توقع کرتے ہیں۔

اس موقع پر فاست باؤلر محمد عامر نے سرفراز کی حمایت میں آواز بلند کرتے ہوئے کہا کہ بابو آپ پاکستان میں نمبر ایک وکٹ کیپر ہیں اور جب ٹیم 2سال ٹی20 میں عالمی نمبر 1 رہی تو آپ ہی کپتان تھے اور سب سے بڑھ کر آپ نے چیمپیئنز ٹرافی جتوائی لہٰذا آپ پاکستان کا فخر ہیں۔

واضح رہے کہ سرفراز احمد کی زیر قیادت پاکستان نے ٹی20 میں لگاتار 11 سیریز جیت کر عالمی ریکارڈ قائم کیا تھا اور ان کی قیادت میں پاکستان کی ٹیم دو سال سے زائد عرصے تک عالمی نمبر ایک کے منصب پر فائز رہی تھی۔

مزید پڑھیں: جنوبی افریقہ، برطانیہ کے کھلاڑی پاکستان آمد پر کورونا ٹیسٹ کی شرط سے مستثنیٰ

تاہم سری لنکا کے خلاف ٹی20 سیریز میں کلین سوئپ پر سرفراز کو قیادت سے ہٹا دیا گیا تھا جس پر عوام نے شدید غم و غصے کا اظہار کیا تھا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں