اوسوز نے اپنے گیمنگ فلیگ شپ فون سیریز روگ 5 کی ڈیوائسز کو متعارف کرایا ہے جس کا الٹی میٹ ایڈیشن 18 جی بی ریم سے لیس ہے۔

اوسوز کی جانب سے روگ 5، روگ 5 پرو اور روگ 5 الٹی میٹ کے نام سے 3 مختلف اسمارٹ فونز پیش کیے گئے ہیں۔

تینوں فونز میں کوالکوم کے اسنیپ ڈراگون 888 پراسیسر موجود ہے تاکہ گیمنگ پرفارمنس کو زیادہ بہتر بنایا جاسکے۔

فونز میں 6000 ایم اے ایچ بیٹری موجود ہے جن کو 3، تین ہزار کے 2 سیلز میں تقسیم کیا گیا ہے۔

فوٹو بشکریہ اوسوز
فوٹو بشکریہ اوسوز

اس تقسیم سے فونز کو 2 فائدے حاصل ہوئے ہیں، ایک تو ایرو ایکٹیو کولر 5 کو پراسیسر کے قریب رکھنے میں مدد ملی ہے، جبکہ فونز میں پیدا ہونے والی حرارت کو صارف کی انگلیوں سے دور رکھنا ممکن ہوا ہے۔

بیٹری کے ساتھ 65 واٹ فاسٹ چارجنگ سپورٹ بھی فراہم کی گئی ہے اور چارجنگ کے لیے نیچے کے علاوہ سائیڈ میں بھی یو ایس بی چارجنگ پورٹ دی گئی ہے۔

سائیڈ پورٹ کو ایچ ڈی ایم آئی ایکٹرنل مانیٹر، ہیڈفون کنکٹ کرنے یا ایرو ایکٹیو کولر 5 کو پاور فراہم کرنے کے لیے ھبی استعمال کیا جاسکتا ہے۔

اوسو روگ 5 میں 6.78 انچ کا امولیڈ ڈسپلے ایچ ڈی آر 10 پلس سپورٹ کے ساتھ دیا گیا ہے جبکہ ریفریش ریٹ 144 ہرٹز ہے۔

اسکرین کے تحفظ کے لیے گوریلا گلاس وکٹس کا استعمال کیا گیا ہے اور ایک خصوصی کوٹنگ کی گئی ہے تاکہ پسینے کے باوجود انگلیاں ہموار طریقے سے کام کرسکیں۔

فوٹو بشکریہ اوسوز
فوٹو بشکریہ اوسوز

فون کے اندر 8 ، 12 اور 16 جی بی ریم جبکہ 128 سے 256 جی بی اسٹوریج دی گئی ہے۔

اوسوز روگ 5 پرو اور الٹی میٹ ورژنز میں بھی 6.78 انچ کا امولیڈ ڈسپلے ہی دیا گیا ہے، پرو ماڈل میں پی ایم او ایل ای ڈی جبکہ الٹی میٹ وروژن میں مونوکروم پی ایم او ایل ای ڈی ڈسپلے دیا گیا ہے۔

اوسوز روگ 5 پرو میں 16 جی بی ریم اور 512 جی بی اسٹوریج دی گئی ہے جبکہ روگ 5 الٹی میٹ میں 18 جی بی ریم اور 512 جی بی اسٹوریج موجود ہے۔

روگ 5 پرو اور الٹی میٹ ماڈلز میں ایرو ایکٹیو کولر 5 سطح کا درجہ حرارت 15 فیصد اور پراسیسر کا درجہ حرارت 10 فیصد تک کم کردیتا ہے۔

فونز میں ایئرٹریگر 5 الٹرا سونک بٹنز بھی موجود ہیں جن کو گیمز کے باہر شارٹ کٹس کے لیے استعمال کیا جاسکتا ہے۔

تینوں فونز میں کیمرا سیٹ اپ بھی ایک جیسا ہے اور بیک پر 3 کیمروں کا سیٹ اپ ہے۔

فونز کے بیک پر مین کیمرا 64 میگا پکسل کا ہے جس کے ساتھ 13 میگا پکسل الٹرا وائیڈ اور 5 میگا پکسل میکرو کیمرے موجود ہیں جبکہ فرنٹ پر 24 میگا پکسل سیلفی کیمرا دیا گیا ہے۔

فوٹو بشکریہ اوسوز
فوٹو بشکریہ اوسوز

اس کے علاوہ ہیڈفون جیک، ایس ایس ایس سابرے پرو کواڈ ڈی اے سی نمایاں فیچرز ہیں۔

فرنٹ فائرنگ اسٹیریو اسپیکرز میں 2 کریس لاجک اے ایم پی ایس موجود ہیں جن میں سے ہر ایک 21 فیصد زیادہ پاور اسپیکر کو فراہم کرتا ہے۔

روگ 5 میں آر جی بی بیک لٹ ریپبلک لوگو موجود ہے جبکہ باقی دونوں فونز میں ٹچ این ایبل ڈسپلے دیئے گئے ہیں۔

اوسوز روگ 5 کو اسی ماہ فروخت کے لیے پیش کیا جارہا ہے جس کا 8 جی بی ریم اور 128 جی بی اسٹوریج والا ماڈل 800 یورو (لگ بھگ ڈیڑھ لاکھ پاکستانی روپے)، 12 جی بی ریم اور 256 جی بی اسٹوریج والا ورژن 900 یورو (ایک لاکھ 68 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) جبکہ 16 جی بی ریم اور 256 جی بی اسٹوریج والا ماڈل ایک ہزار یورو (ایک لاکھ 87 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) میں دستیاب ہوگا۔

اوسوز روگ 5 پرو صارفین کو اپریل میں دستیاب ہوگا اور اس کا ایک ہی ورژن ہے جو 16 جی بی ریم اور 512 جی بی اسٹوریج کے ساتھ ہے جس کی قیمت 12 سو یورو (2 لاکھ 24 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) ہوگی۔

اوسوز روگ 5 الٹی میٹ کا بھی ایک ہی ورژن 18 جی بی ریم اور 512 جی بی اسٹوریج سے لیس ہوگا جس کو مئی میں 13 سو یورو (2 لاکھ 43 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) میں فروخت کے لیے پیش کیا جائے گا۔

تبصرے (0) بند ہیں