دلیپ کمار کی طبیعت ناساز، ہسپتال منتقل

اپ ڈیٹ 02 مئ 2021
دلیپ کمار گزشتہ ایک دہائی سے بیمار اور کمزور ہیں—فائل فوٹو: فیس بک
دلیپ کمار گزشتہ ایک دہائی سے بیمار اور کمزور ہیں—فائل فوٹو: فیس بک

شہنشاہ جذبات کہلائے جانے والے بولی وڈ کے لیجنڈ اداکار دلیپ کمار ناسازی طبیعت کے باعث ہسپتال میں داخل ہیں۔

ٹائمز آف انڈیا کی رپورٹ کے مطابق دلیپ کمار کو کچھ طبی مسائل کے باعث گزشتہ روز ہسپتال لے جایا گیا تھا۔

98 سالہ بھارتی اداکار سے متعلق ان کی اہلیہ سائرہ بانو نے بتایا کہ 'دلیپ کمار صحتیاب ہورہے ہیں اور انہیں جلد ڈسچارج کردیا جائے گا'۔

مزید پڑھیں: دلیپ کمار کی ایک بار پھر طبیعت ناساز، ہسپتال منتقل

ہندوستان ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق سائرہ بانو کا کہنا تھا کہ کچھ طبی مسائل کی وجہ سے ہم یہاں ان کے تفصیلی چیک اپ کے لیے موجود ہیں، اگر اللہ نے چاہا تو ہم جلد گھر چلے جائیں گے۔

—فائل فوٹو: ٹوئٹر
—فائل فوٹو: ٹوئٹر

دلیپ کمار گزشتہ ایک دہائی سے بیمار اور کمزور ہیں، انہیں متعدد بار سینے میں درد، سانس لینے میں دشواری، بخار اور دیگر بیماریوں کے باعث ہسپتال داخل کرایا جاتا رہا ہے۔

علاوہ ازیں بڑھتی عمر کے ساتھ انہیں صحت کے دیگر مسائل بھی ہونے لگے ہیں۔

خیال رہے کہ دلیپ کمار کی صحت سے متعلق ان کی اہلیہ سائرہ بانو مداحوں کو آگاہ کرتی رہتی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: دلیپ کمار کے بھائی کا کورونا وائرس کے باعث انتقال

گزشتہ برس کورونا وائرس کے باعث دلیپ کمار کے 2 چھوٹے بھائی انتقال کرگئے تھے اور اسی وجہ سے دسمبر میں ان کی سالگرہ بھی نہیں منائی گئی تھی۔

—فائل فوٹو: ٹوئٹر
—فائل فوٹو: ٹوئٹر

پشاور میں 11 دسمبر 1922 کو پیدا ہونے والے دلیپ کمار کا اصل نام یوسف خان ہے اور انہوں نے 1944 میں 22 سال کی عمر میں فلم 'جوار بھاٹا' سے فلمی دنیا میں قدم رکھا۔

وہ 'انداز'، 'داغ'، 'رام اور شام'، 'نیا دور'، 'مدھومتی' اور 'آدمی' جیسی کئی سپر ہٹ فلموں کا حصہ تھے۔

انہوں نے بہت سی فلموں میں مختلف قسم کے کردار ادا کیے لیکن 'مغل اعظم' میں ان کی رومانوی اداکاری اور 'رام اور شام' میں ان کے کردار کو آج بھی بہت پسند کیا جاتا ہے۔

ان کی آخری فلم ‘قلعہ’ 1998 میں ریلیز ہوئی تھی۔

دلیپ کمار کو 1991 میں پدمابھوشن، 1994 میں دادا صاحب پھالکے اور 2015 میں پدماوی بھوشن ایوارڈ سے نوازا گیا تھا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں