پاک بحریہ کے سابق چیف ایڈمرل کرامت نیازی انتقال کرگئے

04 مئ 2021
صدر مملکت، وزیراعظم  اور آرمی چیف نے اظہار تعزیت کیا—فوٹو: پاک بحریہ
صدر مملکت، وزیراعظم اور آرمی چیف نے اظہار تعزیت کیا—فوٹو: پاک بحریہ

پاک بحریہ کےسابق چیف ایڈمرل کرامت رحمٰن نیازی انتقال کر گئے۔

پاک بحریہ کے ڈائریکٹر جنرل پبلک ریلیشنز کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ایڈمرل کرامت رحمٰن نیازی نے 1948 میں رائل پاکستان نیوی میں شمولیت اختیار کی اور برطانیہ کی رائل نیول کالج سے ابتدائی تربیت حاصل کی۔

بیان میں کہاگیا کہ وہ نیشنل ڈیفنس کالج پاکستان کے گریجویٹ تھے اور مارچ 1979 میں پاک بحریہ کے آٹھویں امیر البحر مقرر ہوئے تھے۔

پاک بحریہ کے مطابق ایڈمرل کرامت رحمٰن نیازی اپنے کیریئر کے دوران متعدد اہم کمانڈ اینڈ اسٹاف تعیناتیوں پر فائزرہے،جن میں سب میرین، پچیسویں ڈسٹرائراسکواڈرن کے کمانڈر، ڈپٹی چیف آف نیول اسٹاف آپریشنز، کمانڈرپاکستان فلیٹ اور وائس چیف آف نیول اسٹاف کے عہدے شامل ہیں۔

سابق سربراہ پاک بحریہ کو اعلیٰ پیشہ وارانہ خدمات اور بہادری کے اعتراف میں نشان امتیاز ملیٹری اور ستارہ جرات سے بھی نوازا گیا۔

صدر مملکت، وزیراعظم، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی، سربراہ پاک بحریہ اور دیگر اعلیٰ افسران اور سول معززین کی جانب سے کرامت رحمٰن نیازی کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا اور قبر پر پھولوں کی چادریں بھی چڑھائی گئیں۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق پاک فوج کے سربراہ جنرل قمرجاوید باجوہ نے پاک بحریہ کے سابق سربراہ ایڈمرل(ر) کرامت رحمٰن نیازی کے انتقال پر اظہار تعزیت کیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ندیم رضا نےبھی ایڈمرل(ر) کرامت رحمٰن نیازی کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا اوردعا کی کہ اللہ تعالیٰ اہل خانہ کو صبرجمیل عطا فرمائے۔

تبصرے (0) بند ہیں