نادیہ جمیل برٹش ایئرویز کے غیر ذمہ دارانہ رویے سے نالاں

اپ ڈیٹ 04 جولائ 2021
نادیہ جمیل 2 برس بعد برطانیہ سے پاکستان آرہی تھیں—فائل فوٹو:فیس بک
نادیہ جمیل 2 برس بعد برطانیہ سے پاکستان آرہی تھیں—فائل فوٹو:فیس بک

بریسٹ کینسر سے مکمل طور پر صحت یاب ہونے والی پاکستان کی معروف اداکارہ نادیہ جمیل نے برطانیہ سے واپسی سے قبل لندن کے ہیتھرو ایئرپورٹ پر برطانوی ایئرلائن کے غیر ذمہ دارانہ رویے کا شکوہ کیا ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کی گئی ایک ویڈیو میں ہیتھرو ایئرپورٹ پر نادیہ جمیل نے آبدیدہ لہجے میں ایک ویڈیو بیان شیئر کیا۔

نادیہ جمیل نے اپنی ٹوئٹ میں بتایا کہ برٹش ایئرویز کی جانب سے ان کے ساتھ کیا جانے والا سلوک کسی دھچکے سے کم نہیں ہے۔

مزید پڑھیں: نادیہ جمیل کینسر سے مکمل طور پر صحتیاب

اداکارہ نے لکھا کہ وہ شام کو 6 بج کر 30 منٹ پر ائیرپورٹ پہنچ گئی تھیں اور رات کے 11 بجے جب انہوں نے ویڈیو بنائی وہ اس وقت تنہا تھیں۔

انہوں نے کہا کہ 'میں نے ایئرلائن کے عملے کو اپنی طبیعت کے حوالے سے آگاہ کیا تھا، وہ مجھے ایسے کیسے چھوڑ کر چلے گئے؟ میں مسلسل مدد کے لیے پکارتی رہی لیکن سب نے نظر انداز کیا، مجھے آف لوڈ کرنے کے بعد کم از کم کچھ مدد کردیتے۔

ویڈیو بیان میں نادیہ جمیل نے روتے ہوئے کہا کہ یہ میرا سامان ہے، یہ میری وہیل چیئر ہے جس کے پہیے نہیں ہیں کہ میں اسے خود بھی نہیں چلاسکتی۔

انہوں نے مزید کہا کہ یہاں میری مدد کے لیے کوئی اٹینڈنٹ، کوئی فرد موجود نہیں ہے اور وہ سب مجھے یہاں تنہا چھوڑ کر جاچکے ہیں۔

نادیہ جمیل نے مزید کہا کہ میں کوشش کررہی ہوں کہ کسی طرح اٹھوں اور اپنا سامان لے کر باہر جاؤں اور کیب کرواؤں۔

نادیہ جمیل میں گزشتہ برس کینسر کی تشخیص ہوئی تھی—فائل فوٹو:انسٹاگرام
نادیہ جمیل میں گزشتہ برس کینسر کی تشخیص ہوئی تھی—فائل فوٹو:انسٹاگرام

ان کا مزید کہنا تھا کہ پیر (5 جولائی) کو میں پاکستانی ہائی کمیشن جاؤں گی، برٹش ایئرویز کے عملے نے پہلے مجھ سے ایک دستاویز مانگی لیکن ابتدائی طور پر وہ مجھے نہیں ملا جب وہ ڈاکیومنٹ مجھے مل گیا تو انہوں نے کہا کہ جو آپ کے پاس موجود ہے یہ بیکار ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستانی اداکارہ نادیہ جمیل بریسٹ کینسر کا شکار

نادیہ کی پوسٹ پر کئی صارفین نے برٹش ایئرویز کے رویے پر غم و غصے کا اظہار کیا، فرقان نامی صارف نے برٹش ایئرویز کی غفلت پر برہمی کا اظہار کیا اور شمع جونیجو نامی صحافی و کالم نگار کو بھی ٹیگ کیا کہ شاید وہ نادیہ جمیل کی مدد کرسکیں۔

بعدازاں شمع جونیجو نے نادیہ جمیل کی ویڈیو ری ٹوئٹ کرتے ہوئے لکھا کہ یہ انتہائی حیران کن ہے کہ برٹش ایئرویز کینسر کے مریضوں کے ساتھ ایسا رویہ رکھتی ہے، کیا ہیتھرو ایئرپورٹ کے ٹرمینل 5 پر کوئی موجود ہے کہ نادیہ جمیل کی مدد کردے۔

کچھ گھنٹے بعد ایک اور ٹوئٹ میں نادیہ جمیل نے برٹش ایئرویز کو مخاطب کرتے ہوئے لکھا تھا کہ 'جب وہیل چیئر پر موجود کسی مسافر کے پاس درست دستاویزات نہ ہوں تو برائے مہربانی انہیں 4 گھنٹے تک انتظار نہ کرائیں اور وہیل چیئر پر، بھاری سامان کے ساتھ تنہا نہ چھوڑیں'۔

انہوں نے مزید لکھا کہ شائستگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے انہیں سامان کے ساتھ ٹرانسپورٹ تک چھوڑ آئیں، نادیہ جمیل نے مزید بتایا کہ وہ ایئرپورٹ سے واپسی پر ٹیکسی میں بے ہوش ہوگئی تھیں۔

دوسری جانب اداکارہ ثمینہ پیرزادہ نے مذکورہ واقعے پر ردعمل دیتے ہوئے لکھا کہ نادیہ جمیل کے ساتھ جو ہوا وہ ناقابلِ قبول ہے۔

خیال رہے کہ 10 روز قبل انسٹاگرام پر شیئر کی گئی ایک پوسٹ میں نادیہ جمیل نے بتایا تھا کہ 2 برس بعد 3 جولائی کو وہ برطانیہ سے پاکستان کے لیے روانہ ہوں گی اور 4 جولائی کو لاہور پہنچیں گیں۔

خیال رہے کہ نادیہ جمیل گزشتہ برس اپریل میں بریسٹ کینسر کا شکار ہوگئی تھیں اور انہوں نے لندن کے ایک معروف ہسپتال میں علاج شروع کروایا تھا اور رواں برس جون میں انہوں نے اس مرض سے مکمل صحتیابی کا اعلان کیا تھا۔

مرض کی تشخیص کے چند دن بعد ہی 7 اپریل کو اداکارہ کی پہلی سرجری کی گئی تھی جو کامیاب رہی، جس کے بعد اداکارہ کے مزید علاج کے لیے کیموتھراپی کا آغاز کیا گیا تھا۔

اداکارہ اپنی صحت سے متعلق سوشل میڈیا پوسٹس کے ذریعے مداحوں کو آگاہ کرتی رہتی ہیں—فوٹو: انسٹاگرام
اداکارہ اپنی صحت سے متعلق سوشل میڈیا پوسٹس کے ذریعے مداحوں کو آگاہ کرتی رہتی ہیں—فوٹو: انسٹاگرام

کیموتھراپی کے دوران ہی نادیہ جمیل نے گزشتہ برس مئی میں اپنے سر کے بال منڈوا لیے تھے اور وہ پہلے دن سے مداحوں کو سوشل میڈیا پر اپنی صحت سے متعلق آگاہ کرتی رہی ہیں۔

اس دوران نادیہ جمیل نے چند پوسٹس میں مایوسی کی باتیں بھی کیں اور اپنی طبیعت کافی ناساز ہونے اور خود کو تکلیف سے متعلق آگاہ کرتے ہوئے مداحوں سے دعاؤں کی درخواست بھی کی تھی۔

مزید پڑھیں: نادیہ جمیل کینسر کو شکست دینے میں کامیاب

کینسر جیسے موذی مرض سے جنگ لڑنے کے باوجود نادیہ جمیل بچوں اور خواتین پر تشدد کے خلاف آواز اٹھاتی دکھائی دی تھیں۔

خیال رہے کہ اداکارہ نادیہ جمیل اپنے کیریئر کے ساتھ ساتھ فلاحی کاموں میں بھی بے حد سرگرم رہتی ہیں۔

جہاں پاکستان میں کئی خواتین کو بچوں کو گود لینے پر سخت تنقید کا سامنا کرنا پڑتا ہے وہیں اداکارہ نادیہ جمیل نے دو بچوں کو گود لے کر ایک نئی مثال قائم کی تھی۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (2) بند ہیں

انجنیئر حا مد شفیق Jul 04, 2021 07:50pm
PIA Great people to fly I love you my national carrier at least they give good service for elderly and sick people
نعمان Jul 05, 2021 01:04pm
کرونا سے سب کے چہرے عیاں ہو گئے۔