'کچھ کچھ ہوتا ہے' کی 'انجلی' کے انداز میں عائزہ خان کی ویڈیو وائرل

23 جولائ 2021
عائزہ خان نے ویڈیو انسٹاگرام پر شیئر کی—فوٹوز: انسٹاگرام /فیس بک
عائزہ خان نے ویڈیو انسٹاگرام پر شیئر کی—فوٹوز: انسٹاگرام /فیس بک

پاکستان کی مقبول اداکارہ عائزہ خان نے بولی وڈ فلم 'کچھ کچھ ہوتا ہے' میں اداکارہ کاجول کے معروف کردار 'انجلی' کے انداز میں ایک ویڈیو شیئر کی ہے جسے بہت زیادہ پسند کیا جارہا ہے۔

عائزہ خان نے یہ ویڈیو انسٹاگرام پر شیئر کی ہے جس میں انہوں نے کاجول کے کردار انجلی جیسا لباس زیب تن کیا ہے اور اسی فلم کی طرح چھوٹے بالوں میں بینڈ لگائے نظر آرہی ہیں۔

ویڈیو میں اسی فلم سے شاہ رخ خان اور کاجول کا ایک ڈائیلاگ چل رہا ہے جس میں عائزہ خان کاجول کے ڈائیلاگ پر اداکاری کررہی ہیں۔

مزید پڑھیں: عائزہ خان ’ڈانس گرل‘ مادھوری ڈکشٹ سے ملنے کی خواہاں

مذکورہ ویڈیو شیئر کرتے ہوئے عائزہ خان نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ مجھے یہ کردار ادا کرتے ہوئے بہت مزہ آیا، خاص طور پر اس لیے کہ اس کردار نے مجھے اپنے پسندیدہ فلم اسٹار جیسا انداز اپنانے کی اجازت دی۔

عائزہ خان نے اپنی پوسٹ میں بولی وڈ اداکارہ کاجول کو ٹیگ کرتے ہوئے لکھا کہ کاجول میں آپ کی بہت مشکور ہوں اور مداحو کو مخاطب کرتے ہوئے لکھا کہ مجھ سے انتظار نہیں ہورہا کب آپ میرا یہ روپ دیکھیں گے۔

بولی وڈ فلم 'کچھ کچھ ہوتا ہے' 1998 میں ریلیز ہوئی تھی جس میں کاجول نے انجلی، رانی مکھرجی نے ٹینا اور شاہ رخ خان نے راہول نامی کردار ادا کیے تھے۔

یہ فلم سپرہٹ ہوئی تھی اور اس کے گانے اور کچھ ڈائیلاگز آج بھی بے حد مقبول ہیں۔

خیال رہے کہ اپنے آنے والے ڈرامے 'لاپتہ' میں عائزہ خان ایک ٹک ٹاکر لڑکی ’گیتی پرنسز‘ کا کردار ادا کرتی دکھائی دیں گی۔

یہاں یہ بات مدنظر رہے کہ اسی نام سے عائزہ خان نے حال ہی میں اپنا ٹک ٹاک اکاؤنٹ بھی بنایا تھا۔

عائزہ خان اس ڈرامے میں مختلف شوبز شخصیات کا انداز اپناتی نظر آئیں گی اور اس حوالے سے وہ مختلف ویڈیوز و تصاویر بھی شیئر کرتی رہی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: شوبز میں 10 سال مکمل ہونے پر عائزہ خان کا ماہرہ کے نام خصوصی پیغام

اداکارہ اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ماہرہ خان، نور جہاں، مادھوری ڈکشٹ اور سری دیوی کے انداز میں بھی تصاویر شیئر کرچکی ہیں۔

علاوہ ازیں اس ڈرامے کے ٹیزر بھی ریلیز ہوچکے ہیں اور ٹیزر میں عائزہ خان کو شوخ و چنچل لڑکی کے روپ میں دکھایا گیا ہے، جسے والدہ تعلیم پر توجہ دینے اور کم از کم میٹرک پاس کرنے کی تلقین کرتی دکھائی دیتی ہیں جب کہ وہ والدہ کو اپنی شادی کرنے کے مطالبے کرتے دکھائی دیتی ہیں۔

ابھی یہ واضح نہیں ہے کہ ڈرامے کو کب تک ہم ٹی وی پر نشر کیا جائے گا لیکن امکان ہے کہ اسے جلد ہی نشر کردیا جائے گا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں