ٹی سی ایل کا سستا ترین 5 جی فون 20 آر متعارف

اپ ڈیٹ 08 ستمبر 2021
20 آر — فوٹو بشکریہ ٹی سی ایل
20 آر — فوٹو بشکریہ ٹی سی ایل

ٹیلی ویژن تیار کرنے والی معروف کمپنی ٹی سی ایل کئی سال سے اسمارٹ فون کو بھی متعارف کرا رہی ہے۔

اب اس کی جانب سے ٹی سی ایل 20 سیریز کا ایک اور نیا اسمارٹ فون 20 آر 5 جی متعارف کرایا گیا ہے۔

یہ کمپنی کا اب تک کا سستا ترین 5 جی فون ہے جو ابتدا میں یورپی ممالک میں دستیاب ہوگا۔

ٹی سی ایل 20 آر 5 جی میں 6.52 انچ کا ڈسپلے 90 ہرٹز ریفریش ریٹ کے ساتھ دیا گیا ہے۔

فون کے اندر میڈیا ٹیک کا ڈیمینسٹی 700 پراسیسر موجود ہے اور جیسا نام سے ظاہر ہے اس میں 5 جی سپورٹ بھی ہے۔

4 جی بی ریم اور 64 جی بی اسٹوریج فون کا حصہ ہے جس میں ایس ڈی کارڈ سے مزید اضافہ کیا جاسکتا ہے۔

اسی طرح 4500 ایم اے ایچ بیٹری 10 واٹ چارجنگ سپورٹ کے ساتھ دی گئی ہے۔

فون میں اینڈرائیڈ 11 آپریٹنگ سسٹم ہوگا جس کو اینڈرائیڈ 12 سے اپ گریڈ کیا جائے گا جبکہ کمپنی کی جانب سے 3 سال تک سیکیورٹی اپ ڈیٹس فراہم کرنے کا وعدہ کیا گیا ہے۔

فون کے بیک پر 3 کیمروں کا سیٹ اپ موجود ہے جس کا مین کیمرا 13 میگا پکسل کا ہے جس کے ساتھ 2 میگا پکسل ڈیپتھ اور 2 میگا پکسل میکرے کیمرے موجود ہیں۔

یہ فون ستمبر کے آخر میں یورپ کے مختلف ممالک میں فروخت کیا جائے گا اور اس کی قیمت 249 یورو (59 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) رکھی گئی ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں