ایکواڈور: جیل میں خونی فسادات کے نتیجے میں 116 افراد ہلاک

اپ ڈیٹ 30 ستمبر 2021
فوجیوں اور ایک ٹینک کو جیل کی حفاظت پر مامور کردیا گیا—تصویر: اے پی
فوجیوں اور ایک ٹینک کو جیل کی حفاظت پر مامور کردیا گیا—تصویر: اے پی

جنوبی امریکی ملک ایکواڈور کی جیل میں 2 حریف گینگز کے مابین جھڑپ سے ہلاکتوں کی تعداد 116 ہوگئی جبکہ 80 افراد زخمی ہوئے ہیں۔

فرانسیسی خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ کی رپورٹ کے مطابق ایکواڈور کے صدر گوئیلرمو لاسو کا کہنا تھا کہ سپاہیوں نے جیل کا گھیراؤ کرلیا ہے جو ملک کی گنجائش سے زیادہ بھری ہوئی اور عملے کی کمی کی شکار جیلوں میں سے ایک ہے۔

خیال کیا جارہا ہے میکسیکن منشیات فروش گیگنز سے منسلک ایک تصادم کے بعد قیدیوں میں بندوقوں اور دستی بموں سے مسلح جھڑپ شروع ہوگئی تھی۔

یہ بھی پڑھیں: ایکواڈور: جیل فسادات میں کم از کم 75 قیدی ہلاک

صدر گوئیلرمو لاسو نے ایک نیوز کانفرس میں جھڑپ کے نتیجے میں ہلاک ہونے والوں کی نئی تعداد کا اعلان کیا اور جیل میں ہوئے قتلِ عام کو ’افسوسناک واقعہ‘ قرار دیا۔

جیل میں قید افراد کے پریشان اہلِ خانہ نے احاطے میں گھوڑوں پر گشت کرنے والے پولیس اہلکاروں سے سوالات کیے جس پر فوجیوں اور ایک ٹینک کو جیل کی حفاظت پر مامور کردیا گیا۔

اس ضمن میں اپنا نام ظاہر نہ کرنے والی ایک خاتون کا کہنا تھا کہ ’ہمیں معلومات چاہیے کیوں کہ ہم اپنے خاندان اپنے بیٹوں کے بارے میں کچھ نہیں جانتے، میرا ایک بیٹا وہاں ہے‘۔

رواں برس ایکواڈور کی جیلوں میں ہونے والی جھڑپوں کے سلسلوں میں اب تک 200 قیدی ہلاک ہوچکے ہیں اور حالیہ تصادم کا آغاز منگل کے روز ہوا تھا۔

مزید پڑھیں: کورونا وائرس: ایکواڈور کے شہر کی گلیوں و گھروں سے 800 لاشیں برآمد

سنائی جیل کے حکام نے ٹوئٹر پر ایک بیان میں بتایا کہ اب تک 100 سے زائد قیدیوں کے ہلاک ہونے اور 52 کے زخمی ہونے کی تصدیق ہوچکی ہے۔

نیشنل پراسیکیوٹر آفس نے ایک بیان میں بتایا تھا کہ کم از کم 6 قیدیوں کو گلا کاٹ کر قتل کیا گیا اور جیل کا کنٹرول حاصل کرنے کے لیے کیے گئے آپریشن میں 2 پولیس افسران زخمی ہوئے جن پر قیدیوں نے بندوق سے حملہ کیا تھا۔

قبل ازیں ایک ٹوئٹ میں ایکواڈور کے صدر نے کہا تھا کہ وہ ’حالت استثنیٰ‘ نافذ کررہے ہیں جو انہیں حقوق معطل کرنے اور پرسکون بحالی کے لیے عوامی طاقت کے استعمال کی اجازت دے گا۔

صدر کا کہنا تھا کہ وہ ہنگامی صورتحال پر قابو پانے کے لیے گوایاکوئل میں ایک سیکیورٹی کمیٹی کی سربراہی کریں گے اور ساتھ ہی تمام ملوث افراد کے انسانی حقوق کے تحفظ کی ضمانت بھی دی۔

یہ بھی پڑھیں: میکسیکو: جیل میں فسادات سے 30 ہلاک

گوایاکوئل شہر کے پولیس سربراہ کا کہنا تھا کہ جیل پر پولیس کا کنٹرول مزید ہلاکتوں کو روکے گا۔

ایکواڈور کی جیلیں ہزاروں قیدیوں کے لیے میدانِ جنگ بن چکی ہیں جن کے میکسیکو کے طاقتور منشیات فروش گیگنز سے تعلقات ہیں۔

تبصرے (0) بند ہیں