شیاؤمی کے نئے فلیگ شپ فونز کی تاریخ رونمائی سامنے آگئی

24 دسمبر 2021
شیاؤمی 12 کا ممکنہ ڈیزائن — فوٹو بشکریہ ایون بلاس ٹوئٹر اکاؤنٹ
شیاؤمی 12 کا ممکنہ ڈیزائن — فوٹو بشکریہ ایون بلاس ٹوئٹر اکاؤنٹ

ایسی رپورٹس تو پہلے ہی سامنے آرہی ہیں کہ شیاؤمی کی جانب سے نئی فلیگ شپ فون سیریز کو دسمبر میں متعارف کرایا جارہا ہے اور مختلف تاریخیں بھی سامنے آئیں۔

مگر اب ایک نئی لیک میں شیاؤمی 12 سیریز کو متعارف کرانے کی واضح تاریخ بتائی گئی ہے۔

لیک کے مطابق شیاؤمی کے نئے فلیگ شپ فونز 28 دسمبر کو پیش کیے جارہے ہیں جو کم از کم 3 ماڈلز پر مشتمل ہوں گے۔

شیاؤمی 12، 12 ایکس اور 12 پرو پر مبنی سیریز میں الٹرا ماڈل ممکنہ طور پر اس وقت شامل نہیں ہوگا بلکہ اسے چند ہفتوں بعد کسی وقت پیش کیا جاسکتا ہے۔

چینی کمپنی نے خود اب تک کسی تاریخ کا اعلان نہیں کیا بس یہ بتایا ہے کہ اس سیریز میں اسنیپ ڈراگون 8 جنریشن 1 پراسیسر کا استعمال ہوگا۔

مگر یہ بھی واضح نہیں کہ تینوں فونز میں یہ پراسیسر ہوگا یا یہ صرف پرو ماڈل تک مخصوص ہوگا۔

دوسری جانب اسمارٹ فونز کی لیکس کے حوالے سے معروف ٹوئٹر صارف ایون بلاس نے شیاؤمی 12 کی کچھ تصاویر بھی جاری کی یں۔

ان تصاویر سے عندیہ ملتا ہے کہ فون میں 6.28 انچ کا ڈسپلے موجود ہوگا جو خم ایجز کے ساتھ ہوگا اور ڈسپلے کے سینٹر میں پنچ ہول ڈیزائن میں سیلفی کیمرا دیا جائے گا۔

۔

مزید براں فون میں 50 میگا پکسل مین کیمرا بیک پر ہوگا اور بظاہر یہ کیمرا سیٹ اپ می 10 ٹی سے متاثر نظر آتا ہے۔

اینڈرائیڈ پولیس کی ایک رپورٹ کے مطابق شیاؤمی 12 کا کیمرا سیٹ اپ تاریخ کا تیز ترین کیمرا سیٹ اپ ہوگا۔

پرو ماڈل کے اندر اسنیپ ڈراگون کا 8 جنریشن پراسیسر ہوگا، 100 سے 120 واٹ فاسٹ چارجنگ سپورٹ اور بیک پر 3 کیمروں کا سیٹ اپ ہوگا۔

یہ ابھی تک مصدقہ نہیں مگر خیال کیا جارہا ہے کہ شیاؤمی 12 پرو میں 200 میگا پکسل کیمرا متعارف کرایا جاسکتا ہے۔

لیکس کے مطابق شیاؤمی 12 سیریز میں ہائی کوالٹی اسکرین معمولی خم ایجز کے ساتھ متعارف کرائی جائے گی، جن میں 4700 سے 5000 ایم اے ایچ بیٹریز ہوں گی۔

تینوں فونز میں اینڈرائیڈ آپریٹنگ سسٹم کا امتزاج ایم آئی یو آئی سے کیا جائے گا اور کمپنی کے مطابق یہ نیا یوزر انٹرفیس فونز کے ہر پہلو کو مزید بہتر کرے گا۔

تبصرے (0) بند ہیں