ایسی متعدد وجوہات ہوسکتی ہیں جن کے باعث آپ کا اینڈرائیڈ فون یا آئی فون چارج نہیں ہوتا۔

جیسے چارجنگ پورٹس پر زنگ لگنے سے لے کر کیبل خراب ہونا، مگر چارجنگ پورٹ میں ایک مسئلہ بہت عام ہوتا ہے۔

اب چاہے وہ آئی فون کی لائٹننگ پورٹ ہو یا اینڈرائیڈ کی یو ایس بی سی پورٹ، جو مٹی بھرنے سے بلاک ہوجاتی ہیں اور کیبل درست طریقے سے فٹ نہیں ہوتی۔

فون کی چارجنگ پورٹ پر کوئی کور نہیں ہوتا جس کے نتیجے میں وہاں مٹی اور دیگر کچرا بہت آسانی سے جاکر اکٹھا ہونے لگتا ہے۔

آغاز میں تو یہ کوئی مسئلہ نہیں ہوتا مگر وقت گزرنے کے ساتھ یہ مٹی اور کچرا جمع ہونے لگتے ہیں اور چارجنگ کیبل لگانے پر ایک دوسرے سے مل جاتے ہیں اور بتدریج چارجنگ کرنا ممکن نہیں ہوتا۔

اگر آپ کے پاس فون کو 6 ماہ سے زیادہ عرصہ ہوچکا ہے اور بتدریج چارجنگ میں مسائل سامنے آرہے ہیں تو اس کے پیچھے پورٹ میں موجود مٹی وجہ ہوسکتی ہے۔

مگر اچھی بات یہ ہے کہ اس کا حل بہت سادہ ہے۔

اس کے لیے ٹوتھ پک یا کوئی بھی پتلی اور لمبی چیز لیں جس کو پورٹ کے اندر ڈالا جاسکے، لکڑی یا پلاسٹک کی ہو تو بہتر ہے تاکہ پورٹ کو کوئی نقصان نہ پہنچ سکے۔

اپنے ٹول کو چارجنگ پور ٹکے اندر ڈالیں اور آخر تک لے جائیں اور پھر نرمی سے کھرچنا شروع کریں۔

آئی فون میں آگے پیچے کھرچنا ہوگا جبکہ یو ایس بی سی پورٹ میں چارجنگ کنکٹر کے ارگرد ایسا کرنا ہوگا، یہ کنکٹر پورٹ کے وسط میں ہوتا ہے۔

کھرچنے سے جلد وہاں جمع ہونے والا کچرا ڈھیلا ہوجاتا ہے اور اسے پورٹ سے نکالنا آسان ہوجاتا ہے۔

ہوسکتا ہے کہ آپ دیکھ کر حیران رہ جائیں کہ پورٹ کے اندر کتنی مقدار میں کچرا موجود تھا اور ہاں نرمی سے پورٹ کے اطراف کو کھرچنا مت بھولیں مگر خیال سے۔

جب کافی مقدار میں کچرا باہر آجائے تو پھر چارجنگ کیبل کو ایک بار پھر لگا کر دیکھیں کہ اب مسئلہ تو نہیں ہورہا۔

زیادہ امکان تو یہی ہے کہ چارجنگ شروع ہوجائے گی اور ایسا نہ ہو تو ایک بار پھر کچرا نکالیں اور پھر چارج کریں۔

اگر پھر بھی مسئلہ حل نہ ہو تو پھر کوئی حل جیسے نئی کیبل یا چارجر کو خریدنے کا فیصلہ کریں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں