ہزاروں صارفین کو انسٹاگرام تک رسائی میں پریشانی کا سامنا

27 مئ 2022
پریشانی کا سامنا کرنے والے صارفین کی تعداد رپورٹ کی گئی تعداد سے زیادہ ہوسکتی ہے — فائل فوٹو: اے ایف پی
پریشانی کا سامنا کرنے والے صارفین کی تعداد رپورٹ کی گئی تعداد سے زیادہ ہوسکتی ہے — فائل فوٹو: اے ایف پی

میٹا پلیٹ فارمز انکارپوریشن کے تصاویر شیئر کرنے والے پلیٹ فارم ’انسٹاگرام‘ تک رسائی میں ہزاروں صارفین کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی ’رائٹرز‘ کے مطابق سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کی ٹریکنگ ویب سائٹ ڈاؤن ڈیٹیکٹر ڈاٹ کام نے کہا کہ انسٹاگرام استعمال کرنے والے 6 ہزار سے زائد صارفین نے رسائی میں درپیش مسائل کے حوالے شکایات درج کی ہیں۔

ڈاؤن ڈیٹیکٹر ڈاٹ کام مختلف ذرائع سے معلومات اکٹھی کرتی ہے جس میں صارفین کی طرف سے درپیش مسائل کی رپورٹس بھی شامل ہیں۔

انسٹاگرام سروس تک رسائی میں پریشانی کا سامنا کرنے والے صارفین کی تعداد رپورٹ کی گئی تعداد سے زیادہ ہوسکتی ہے۔

مزید پڑھیں: روس نے فیس بک اور اس کی ذیلی ایپس پر پابندی عائد کردی

ڈاؤن ڈیٹیکٹر کے مطابق 84 فیصد رپورٹس نے اس بات کا اظہار کیا ہے کہ انسٹاگرام کی موبائل ایپلی کیشن تک رسائی میں پریشانی کا سامنا ہے۔

تاہم میٹا پلیٹ فارمز نے بیان میں کہا کہ ’ہمیں معلوم ہے کہ کچھ لوگوں کو انسٹاگرام تک رسائی میں مسائل درپیش ہیں لیکن ہم ان مسائل کو حل کر رہے ہیں‘۔

بیان میں کہا گیا کہ ’ہم چیزوں کو جلد از جلد معمول پر لانے کے لیے کام کر رہے ہیں اور ہم کسی بھی پریشانی کے لیے صارفین سے معذرت خواہ ہیں’۔

یہ بھی پڑھیں: 'مفت فیس بک' سروس استعمال کرتے ہیں؟ تو یہ ضرور جان لیں

یاد رہے کہ گزشتہ سال اکتوبر میں فیس بک، انسٹاگرام اور واٹس ایپ سمیت بڑی سوشل میڈیا سروسز کو بڑے پیمانے پر مسائل کا سامنا کرنا پڑا تھا جس سے کروڑوں صارفین متاثر ہوئے تھے۔

میٹا میں انفرااسٹرکچر کے نائب صدر سنتوش جناردھن نے صارفین سے معذرت کرتے ہوئے ایک بلاگ پوسٹ میں کہا کہ ہمارے ڈیٹا سینٹرز کے درمیان نیٹ ورک ٹریفک کو مربوط کرنے والے بیک بون راؤٹرز پر کنفیگریشن تبدیلیاں انسٹاگرام میں خلل ڈالنے والے مسائل کا سبب بنی ہیں۔

تبصرے (0) بند ہیں