ملک بھر میں عیدالاضحیٰ مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ منائی گئی

اپ ڈیٹ 11 جولائ 2022
ملک بھر میں مسلمان سنت ابراہیمی کی پیروی کرتے ہوئے جانوروں کی قربانی میں مصروف ہیں— فائل فوٹو: اے ایف پی
ملک بھر میں مسلمان سنت ابراہیمی کی پیروی کرتے ہوئے جانوروں کی قربانی میں مصروف ہیں— فائل فوٹو: اے ایف پی
مریم نواز کے شوہر کیپٹن ریٹائرڈ صفدر وزیراعظم شہباز شریف کو عید کی مبارکباد دے رہے ہیں— فوٹو: ڈان نیوز
مریم نواز کے شوہر کیپٹن ریٹائرڈ صفدر وزیراعظم شہباز شریف کو عید کی مبارکباد دے رہے ہیں— فوٹو: ڈان نیوز

پاکستان بھر میں عیدالاضحیٰ مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ منائی گئی اور مسلمانوں نے سنت ابراہیمی کی پیروی کرتے ہوئے جانوروں کی قربانی کی۔

اسلام آباد اور چاروں صوبائی دارالحکومت کراچی، لاہور، کوئٹہ اور پشاور سمیت ملک کے تمام چھوٹے بڑے شہروں میں نمازِ عید کی ادائیگی کے لیے ہزاروں روح پرور اجتماعات منعقد کیے گئے۔

مزید پڑھیں: عیدالاضحیٰ کی نماز کے اجتماعات مساجد کے بجائے کھلے مقامات پر منعقد کیے جائیں، این سی او سی

دن کا آغاز مساجد میں امت مسلمہ کی بہتری، ملک کی ترقی، خوشحالی اور سلامتی کے لیے خصوصی دعاؤں کے ساتھ ہوا اور علمائے کرام نے عید کے خطبات میں حضرت ابراہیمؑ اور حضرت اسمٰعیلؑ کی عظیم قربانی کے فلسفے کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔

نماز عید کے بعد شہری سنت ابراہیمیؑ کی پیروی میں جانوروں کی قربانی کا فریضہ ادا کر رہے ہیں البتہ ملک بھر میں بارشوں کے سبب لوگوں کو نماز عید کی ادائیگی اور جانوروں کی قربانی میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے اور ملک میں کئی مقامات بالخصوص خیبر پختونخوا میں عید گاہوں میں پانی بھر جانے کے سبب مساجد کے اندر ہی عید کی نماز ادا کی گئی۔

بارشوں کے پیش نظر تمام ملک بھر کی ضلعی انتظامیہ کی جانب سے قربانی کے جانوروں کی باقیات کو تلف اور صفائی ستھرائی کے لیے خصوصی اقدامات بھی کیے گئے ہیں۔

اس سلسلے میں ہفتے کے دن وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت عید الاضحیٰ میں عوام کو سہولیات کی فراہمی کے لیے کیے جا رہے اقدامات اور عید کے دنوں میں صفائی کے نظام کے حوالے سے اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا۔

یہ بھی پڑھیں: وزیر اعظم شہباز شریف کا عیدالاضحیٰ کی 5 چھٹیوں کا اعلان

وزیراعظم نے حکام کو ہدایت کی کہ وہ عید کے دنوں میں صفائی کی مشینری کو 24گھنٹے فعال رکھیں اور عوام کی دہلیز سے آلائشیں اٹھانے کے عمل کو یقینی بنائیں جبکہ مون سون کی بارشوں کے پیش نظر نالوں کی صفائی کی جائے۔

وزیر اعظم اور صدر کا قوم کے نام پیغام

وزیراعظم شہباز شریف اور صدر عارف علوی نے عیدالاضحیٰ کے موقع پر قوم کے نام خصوصی پیغام میں ضرورت مندوں کو عید کی خوشیوں میں شریک اور نوجوانوں کو معاشرے میں تحمل، برداشت، ایثار وقربانی کی عملی مثال بننے کی ترغیب دی۔

وزیراعظم شہباز شریف نے عیدالاضحیٰ کے موقع پر مشکلات و مصائب کے شکار بھائیوں بہنوں کی مدد پر خصوصی توجہ مرکوز کرنے کی ضرورت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا ہے کہ مہنگائی کی عالمی لہر کے اثرات کی وجہ سے اپنے ارد گرد موجود ضرورت مندوں اور سفید پوشوں کو عید کی خوشیوں میں شریک کریں۔

اتوار کو قوم کے نام پیغام میں ان کا کہنا تھاکہ نوجوان معاشرے میں تحمل، برداشت، ایثار وقربانی کی عملی مثال بنیں، معاشرے میں اپنے اخلاق و اقدار سے حقیقی تبدیلی لائیں۔

مزید پڑھیں: عید الاضحٰی کی تعطیلات کے دوران موسمی حالات اور کورونا وبا سے متعلق احتیاط کی ہدایت

وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستانیوں سمیت تمام امت مسلمہ کو عیدالاضحٰی کی مبارک باد اور نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے اپنے خلیل حضرت ابراہیمؑ اور ان کے عظیم فرزند حضرت اسماعیلؑ کی فرمانبرداری کو انتہائی پسند فرماتے ہوئے قربانی کی عظیم روایت بنا دی، قربانی کا اصل مفہوم اللہ رب العزت کی اطاعت و فرمانبرداری ہے، اللہ تعالیٰ اپنے اطاعت گزار بندوں کی نیت دیکھتا ہے اور اسی کی بنیاد پر اجر عطا فرماتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ یتیموں، بیواؤں، بے کسوں اور ناداروں کی مدد کرکے ہم اس عظیم دن کا حق ادا کر سکتے ہیں لہٰذا عیدالاضحیٰ کے موقع پر مشکلات و مصائب کے شکار بھائیوں بہنوں کی مدد پر خصوصی توجہ دی جائے اور مہنگائی کی عالمی لہر کے اثرات کی وجہ سے اپنے ارد گرد موجود ضرورت مندوں اور سفید پوشوں کو عید کی خوشیوں میں شریک کریں۔

دوسری جانب صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے عید الاضحٰی کے مبارک اور پر مسرت موقع پر پوری پاکستانی قوم اور عالم اسلام کو مبارکباد پیش کی ہے۔

عید الاضحٰی کے موقع پر قوم کے نام اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ عیدالاضحٰی ہمیں اللہ تعالیٰ کے حکم پر حضرت ابراہیمؑ اور حضرت اسماعیلؑ کی تسلیم ورضا کی یاد دلاتی ہے، ان عظیم شخصیات کو اللہ تعالی ٰنے جب امتحان سے گزارا تو دونوں نے اللہ کے حکم پر سر تسلیم خم کردیا۔

صدر مملکت نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کوان کا یہ جذبہ اس قدر پسند آیا کہ اسے قیامت تک ایمان والوں کے لئے عبادت کی حیثیت سے لازم قرار دے دیا، یہ قربانی اللہ تعالی کی بارگاہ میں مومن بندے کی طرف سے اس عزم کا اظہار ہے کہ وہ اس کی راہ میں بڑی سے بڑی قربانی اور ایثار کے لیے ہمہ وقت تیار ہے۔

یہ بھی پڑھیں: عید الاضحیٰ سے قبل ہی کورونا کیسز کی شرح 4.6 فیصد تک پہنچ گئی

انہوں نے کہا کہ قربانی اور ایثار کا جذبہ عالمگیر اور آفاقی تاثیر کا حامل ہے، دنیا میں کوئی قوم اس وقت تک ترقی نہیں کرسکتی جب تک اس میں ایثار اور قربانی کا جذبہ موجود نہ ہو۔

وزیراعظم کی طرح صدر مملکت نے بھی عید کے پرمسرت موقع پر غریبوں کو یاد رکھنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ وطن عزیز معاشی لحاظ سے جن مشکل حالات سے دوچارہے اس میں ہمیں ایثار اور قربانی جیسے جذبات کو بروئے کار لانے کی اشد ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ قوم اخوت، ایثار، محبت اور غم خواری سے سرشار ہو کر اپنے ارد گرد ضرورت مندوں اور بے سہارا لوگوں کی مدد کرے اور ہم آزمائش کی اس گھڑی میں مضبوط قوم بن کر ابھریں گے۔

چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر دنیا بھر کے مسلمانوں کو عید کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ عیدِ سعید ہمیں عظیم قربانی کی یاد دلاتی ہے اور خوشیاں مناتے اور رب العزت کے احسانات پر کلماتِ شکر ادا کرتے ہوئے ان لوگوں کو یاد کرنا چاہیے جو اپنے پیاروں سے محروم ہو چکے ہیں اور جبر اور ظالمانہ تسلط کے شکار اہلِ کشمیر و فلسطین کے لیے دستِ دعا دراز کیجیے۔

تبصرے (0) بند ہیں