’فلم تارے زمین پر میں عامر خان کی جگہ ڈائریکٹر مجھے لینا چاہتے تھے‘

اپ ڈیٹ 20 اکتوبر 2022
فلم ’تارے زمین پر‘ عامر خان کی مقبول ترین فلموں میں سے ایک ہے — فوٹو: ٹوئٹر
فلم ’تارے زمین پر‘ عامر خان کی مقبول ترین فلموں میں سے ایک ہے — فوٹو: ٹوئٹر

بولی وڈ کے نامور اداکار اکشے کھنا نے حال ہی میں انکشاف کیا ہے کہ بولی وڈ کی مقبول ترین فلم ’تارے زمین پر‘ میں عامر خان کی جانب سے ادا کیے گئے کردار کے لیے وہ ڈائریکٹر کا اولین انتخاب تھے اور وہ عامر سے قبل انہیں فلم میں لینا چاہتے تھے۔

انڈین ایکسپریس کی رپورٹ کے مطابق اداکار اکشے کھنا کا کہنا تھا کہ فلم ’تارے زمین پر‘ کے ہدایت کار امول گپتے نے مجھے فلم میں آرٹ ٹیچر کا کردار ادا کرنے کی پیشکش کی تھی لیکن وہ مجھے زیادہ نہیں جانتے تھے اس لیے انہوں نے عامر خان سے کہا کہ میرا اکشے سے تعارف کروائیں۔‘

یہ بھی پڑھیں: کروڑوں روپے کمانے والے عامر خان نے پہلی ہٹ فلم میں کتنا معاوضہ لیا؟

اداکار نے مزید بتایا کہ ’عامر خان نے اپنی روایت برقرار رکھتے ہوئے امول گپتے سے کہا کہ میں جب تک خود اسکرپٹ نہیں پڑھ لیتا تب تک کسی اور اداکار کو اسے پیش نہیں کروں گا، اس لیے پہلے میں خود اسکرپٹ پڑھ لوں اس کے بعد ہی اکشے کو بتاؤں گا، لیکن ان کو اسکرپٹ اس قدر پسند آیا کہ انہوں نے خود ہی یہ فلم سائن کرلی‘۔

اکشے کھنا نے بتایا کہ عامر خان کی جانب سے اس طرح مجھ سے فلم چھین لینے پر مجھے کوئی افسوس نہیں ہے۔

البتہ اداکار نے بتایا کہ جب عامر خان کی اکشے کھنا سے ملاقات ہوئی تو انہوں نے اکشے کھنا کو تمام تفصیلات سے آگاہ کیا جس کے بعد اداکار اکشے کھنا نے جواب دیا کہ ’کوئی بات نہیں‘۔

اداکار نے 2008 ریلیز ہونے والی فلم میں عامر خان کی ادکاری کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ عامر خان نے فلم میں کردار کے ساتھ مکمل انصاف کیا ہے، میرا نہیں خیال میں عامر خان سے زیادہ اچھی اداکاری کرسکتا تھا، وہ بہترین اداکاری کر رہے تھے، یہ کردار ان کی قسمت تھا اس لیے انہیں مل گیا۔

مزید پڑھیں: عامرخان کو اپنی کون سی فلم زیادہ پسند ہے؟

واضح رہے کہ فلم میں عامر خان نے ایک اسکول ٹیچر رام شنکر نکُمب کا کردار ادا کیا تھا جبکہ یہ فلم بولی وڈ کی مشہور ترین اور کامیاب ترین فلموں میں سے تصور کی جاتی ہے جسے عالمی سطح پر بھی بہت پذیرائی ملی تھی۔

فلم ’تارے زمین پر‘ ایک بچے کی کہانی پر مبنی ہے جو ’ڈسلیکسیا‘ کے مرض میں مبتلا ہے اور اسے الفاظ پڑھنے، پہچاننے، سمجھنے، یاد رکھنے اور لکھنے میں مشکل درپیش آتی ہے، والدین بچے کو سمجھنے سے قاصر ہوتے ہیں جس کے بعد آرٹ ٹیچر رام شنکر نکُمب بچے کی پڑھائی اور اس کے اعتماد کی بحالی کی ذمہ داری لیتے ہیں۔

انڈین ایکسپریس کے مطابق عامر خان کی مقبول ترین فلم ’تارے زمین پر‘ آسکر کے لیے نامزد ہوچکی ہے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں