کراچی: گاڑی تھانے لے جانے پر تکرار، ڈیفنس میں شہری کی فائرنگ سے پولیس اہلکار جاں بحق

اپ ڈیٹ 22 نومبر 2022
پولیس نے بتایا کہ اہلکاروں کے مطابق مبینہ ملزم لڑکی کو اغوا کرنے کی کوشش کر رہا تھا— فوٹو: امتیاز علی
پولیس نے بتایا کہ اہلکاروں کے مطابق مبینہ ملزم لڑکی کو اغوا کرنے کی کوشش کر رہا تھا— فوٹو: امتیاز علی

کراچی کے علاقے ڈیفنس ہاؤسنگ اتھارٹی (ڈی ایچ اے) میں گاڑی تھانے لے جانے پر پولیس اہلکار کے ساتھ تلخ کلامی کے دوران شہری نے فائرنگ کردی جس کے باعث اہلکار موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا۔

کلفٹن پولیس نے بتایا کہ گزشتہ رات کلفٹن کی ای- اسٹریٹ میں 35 سالہ پولیس اہلکار عبدالرحمٰن کو کار سوار نامعلوم شخص نے گولی مار کر قتل کردیا ہے۔

ایس ایس پی جنوبی سید اسد رضا نے ڈان کو بتایا کہ واقعے کے دوران موٹر سائیکل پر سوار دو پولیس اہلکار مشتبہ شخص کی گاڑی کو پولیس اسٹیشن لے جانے کی کوشش کر رہے تھے۔

گاڑی روکنے کی وجوہات کے بارے میں بتاتے ہوئے سینئر پولیس افسر نے بتایا کہ شاہین فورس کے دو پولیس اہلکار کلفٹن بلاک 5 کی آڈئیل بیکری کے قریب گشت کر رہے تھے، اسی دوران اہلکاروں نے کالے شیشے والی گاڑی کو روکنے کا اشارہ کیا۔

پولیس افسر نے بتایا کہ اہلکاروں کے مطابق گاڑی میں موجود مشتبہ ملزم مبینہ طور پر لڑکی کو اغوا کرنے کی کوشش کررہا تھا۔

ایس ایس پی نے بتایا کہ گاڑی روکنے کے دوران اہلکار اور مشتبہ ملزم کے درمیان کافی دیرتک تلخ کلامی ہوئی جس کے بعد ملزم نے پستول نکالی۔

ان کا کہنا تھا کہ اہلکاروں اور مشتبہ شخص کے درمیان تلخ کلامی کے بعد کار سوار نے پولیس اسٹیشن جانے سے انکار کردیا اورایک اہلکار پر فائرنگ کردی جس کے بعد وہ موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا۔

انہوں نے مزید بتایا کہ شہید پولیس اہلکار نے اپنے دفاع کے لیے کار پر جوابی فائرنگ کی تاہم مشتبہ شخص گاڑی کے ساتھ فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ مبینہ ملزم کی شناخت خرم نثار کے نام سے ہوئی ہے جو ڈی ایچ اے کا رہائشی ہے۔

پولیس نے مزید بتایا کہ جنوبی پولیس نے ملزم خرم نثار کا سراغ لگا لیا ہے جبکہ مشتبہ ملزم کی گاڑی اور واقعے میں استعمال ہونے والے اسلحے کو بھی برآمد کرلیا ہے، ملزم کو جلد گرفتار کرلیں گے۔

ایس ایس پی نے دعویٰ کیا کہ مبینہ ملزم کے ساتھی کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔

اسد رضا نے انکشاف کیا کہ مبینہ ملزم سویڈن میں رہتا ہے اور 5 نومبر کو پاکستان واپس آیا تھا۔

پولیس نے شہر کے تمام ایئرپورٹ انتظامیہ اور ہائی وے پولیس کو ہدایات جاری کردی ہیں اور عوام پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اگر مبینہ ملزم خرم نثار کے بارے میں اطلاعات موصول ہوں تو پولیس کو فوری اطلاع کریں۔

اسی دوران کراچی پولیس کے ترجمان نے بیان میں کہا کہ شہید پولیس اہلکار کی نمازجنازہ آج (22 نومبر) کو گارڈن ہیڈکواٹرز میں نماز عصر کے بعد شام 5 بجے ادا کی جائے گی۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں