پنجاب کے سیاحتی مقام مری کے ایک نجی ہوٹل میں 3 نوجوان پراسرار طور پر جاں بحق ہوگئے۔

پولیس کے مطابق مری لوئر ٹوپہ کے مقام پر ایک نجی ہوٹل میں 3 نوجوانوں کی ہلاکت اور ایک کے بچ جانے کی تا حال کوئی وجوہات سامنے نہ آ سکیں۔

اسٹیشن ہاؤس افسر (ایس ایچ او) مری چوہدری اسلم نے بتایا کہ اس واقعے کی مکمل تحقیقات کی جارہی ہیں، پوری ضلعی انتظامیہ مری کی توجہ اس کیس پر مرکوز ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ جاں بحق ہونے والے افراد میں سے ایک کا تعلق مری اور 2 کا راولپنڈی سے ہے جبکہ بچ جانے والے نوجوان کا تعلق گوجرنوالہ سے ہے۔

ڈی سی مری احمد حسن رانجھا نے تمام واقعے کی مکمل تحقیقات کے لیے مری پولیس اور فرانزک ٹیم کو راولپنڈی سے مری طلب کر لیا جنہوں نے موقع پر پہنچ کر تمام شواہد اکھٹے کیے۔

ایڈمنسٹریٹر مری صاحبزادہ محمد یوسف نے بتایا کہ جب ہمیں واقعے کی اطلاع ملی تو پوری انتطامیہ موقعے پر پہنچ گئی، اس سلسلے میں مری پولیس نے بھی متعلقہ شواہد اکھٹے کیے اور ہوٹل انتظامیہ کے چند ملازمیں کو بھی اپنی تحویل میں لے لیا۔

اب تک واقعے کی فرسٹ انفارمیشن رپورٹ (ایف آئی آر) درج نہیں ہوئی ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں