شمالی وزیرستان: میران شاہ میں دھماکا، ایک شخص جاں بحق، 11 زخمی

اپ ڈیٹ 14 دسمبر 2022
ڈاکٹر ولی زمان نے بتایا کہ زخمیوں کو طبی امداد دی جا رہی ہے — فوٹو: جاوید حسین
ڈاکٹر ولی زمان نے بتایا کہ زخمیوں کو طبی امداد دی جا رہی ہے — فوٹو: جاوید حسین

شمالی وزیرستان کے قبائلی ضلع میران شاہ میں دتہ خیل روڈ پر دھماکا ہوا، جس کے نتیجے میں ایک شہری جاں بحق جبکہ 11 افراد زخمی ہوگئے۔

شمالی وزیرستان کی ضلعی انتظامیہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق 2 زخمیوں کو علاج کرنے کے بعد گھر بھیج دیا گیا ہے جبکہ دیگر 9 افراد مختلف ہسپتالوں میں زیر علاج ہیں۔

مزید بتایا گیا کہ 4 افراد میرانشاہ ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹرز (ڈی ایچ کیو) ہسپتال، 3 افراد بنوں کے کمبائنڈ ملٹری ہسپتال (سی ایم ایچ)، ایف ٹی سی میرانشاہ اور بنوں کے خلیفہ گل نواز ٹیچنگ ہسپتال میں ایک، ایک زخمی زیر علاج ہے۔

مزید بتایا گیا کہ ڈپٹی کمشنر شمالی وزیرستان شاہد علی خان نے صوبائی وزیر اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) شمالی وزیرستان کے ہمراہ ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال میرانشاہ کا دورہ کیا۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ ہسپتال کے عملے کو زخمیوں کو تمام تر طبی سہولیات دینے کی ہدایات کیں۔

خیال رہے کہ 24 اکتوبر کو ڈان اخبار کی رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ خیبرپختونخوا کے ضلع شمالی وزیرستان میں خودکش دھماکے میں پاک فوج کے ذیلی ادارے فرنٹیئر ورکس آرگنائزیشن کے 4 اہلکار زخمی ہوگئے تھے۔

رپورٹ کے مطابق کے مطابق حکام نے بتایا تھا کہ اطلاعات کے مطابق مبینہ طور پر کمبل لپیٹے ہوئے کم عمر خودکش حملہ آور نے ایف ڈبلیو او کی گاڑی کے قریب خود کو دھماکہ خیز مواد سے اڑایا، دھماکے میں زخمی ہونے والے 4 اہلکاروں کی شناخت سپاہی عاشق حسین، سپاہی محمد حسین، سپاہی محمد زبیر اور سپاہی محمد عقیل کے ناموں سے ہوئی جنہیں سی ایم ایچ بنوں منتقل کر دیا گیا۔

آئی ایس پی آر نے بتایا تھا کہ سیکیورٹی فورسز نے خیبر ضلع کے علاقے شلوبر میں انٹیلی جنس پر مبنی آپریشن کے دوران ایک دہشت گرد کو ہلاک کردیا تھا۔

آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ ہلاک دہشت گرد سیکورٹی فورسز کے خلاف سرگرمیوں میں ملوث تھا جب کہ اس کے قبضے سے ہتھیار اور گولہ بارود بھی ضبط کیا گیا تھا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں