معروف لکھاری، ڈراما ساز اور مزاح نگار انور مقصود کے تیار کیے گئے تھیٹر ’ساڑھے 14 اگست‘ کو کراچی کے بعد اسلام آباد میں بھی پیش کردیا گیا۔

’ساڑھے 14 اگست‘ کو کراچی آرٹس کونسل آف پاکستان (اے سی پی) میں 14 اگست 2020 سے پیش کیا جا رہا تھا اور مذکورہ اسٹیج ڈرامے کے وہاں پورے 100 شوز دکھائے گئے۔

کراچی کے بعد اب ’ساڑھے 14 اگست‘ کو وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے ’پاکستان نیشنل کونسل آف آرٹ‘ (پی این سی اے) میں بھی پیش کردیا گیا۔

ڈان اخبار میں شائع رپورٹ کے مطابق ’ساڑھے 14 اگست‘ کو پی این سی اے میں 7 جنوری سے دکھانے کا آغاز ہوا اور شو کو وہاں پر کم از کم ایک ماہ تک یعنی 7 فروری تک دکھایا جائے گا۔

سیاسی مزاحیہ ڈرامے کو اسلام آباد میں پیش کیے جانے کے حوالے سے پی این سی اے میں کی گئی پریس کانفرنس کے دوران کراچی آرٹ کونسل کے صدر سید احمد علی شاہ کا کہنا تھا کہ ’ساڑھے 14 اگست‘ کو سندھ کے دارالحکومت میں بہت پسند کیا گیا اور تمام شوز فل ہاؤس ہوا کرتے تھے اور انہیں امید ہے کہ اسلام آباد میں بھی ایسا ہی ہوگا۔

انہوں نے مزید کہا کہ انور مقصود وفاقی دارالحکومت میں اسٹیج تھیٹر کی بحالی چاہتے ہیں، اس لیے ان کے ڈرامے کو یہاں پیش کیا جا رہا ہے۔

پریس کانفرنس کے دوران بات کرتے ہوئے انور مقصود کا کہنا تھا کہ ’ساڑھے 14 اگست‘ ان کے دل کے بہت قریب ہے، کیوں کہ اس وقت ملک کے سیاسی حالات بھی ڈرامے سے ملتے جلتے ہیں۔

انہوں نے بھی امید کا اظہار کیا کہ اسلام آباد کے لوگ بھی ڈرامے کو اتنا ہی پسند کریں گے، جتنا اسے کراچی والوں نے پسند کیا۔

پریس کانفرنس کے دوران ’ساڑھے 14 اگست‘ کے ہدایت کار محمود داوڑ بھی موجود تھے۔

’ساڑھے 14 اگست‘ کی کہانی بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح اور مہاتما گاندھی سے کیے گئے تیسرے شخص کے سوالات کے گرد گھومتی ہے۔

اس سے قبل انور مقصود نے 2011 میں ’ پونے 14 اگست’ اور پھر ’سوا 14 اگست‘ نامی تھیٹر پیش کیا گیا تھا، جس کا تیسرا اور آخری حصہ ’ساڑھے 14 اگست‘ ہے۔

خیال کیا جا رہا ہے کہ اسلام آباد کے بعد ’ساڑھے 14 اگست‘ کو پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں بھی پیش کیا جائے گا، تاہم اس حوالے سے ٹیم نے فوری طور پر کوئی اعلان نہیں کیا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں