امریکا: سسٹم میں خرابی سے متاثرہ پروازوں کی بحالی شروع

اپ ڈیٹ 12 جنوری 2023
سسٹم میں خرابی سے پروازیں متاثر ہوئیں—فوٹو: اے ایف پی
سسٹم میں خرابی سے پروازیں متاثر ہوئیں—فوٹو: اے ایف پی

امریکا کی فیڈرل ایوی ایشن اتھارٹی (ایف اے اے) کے کمپیوٹر نظام میں بڑی خرابی کے باعث متاثرہ پروازیں بحال ہونا شروع ہوگئیں تاہم کئی ایئرپورٹس پر تاحال پروازیں معطل ہیں۔

خبر ایجنسی ’رائٹرز‘ کی رپورٹ کے مطابق کمپیوٹر نظام میں خرابی کے بعد معطل پروازیں آہستہ آہستہ بحال ہو رہی ہیں جبکہ امریکی میڈیا کے مطابق کئی ایئرپورٹس پر تاحال تعطل جاری ہے۔

اس سے قبل خبر ایجنسی ’اے ایف پی‘ کی رپورٹ کے مطابق ایف اے اے نے نظام میں بڑی خرابی کے باعث ملک بھر میں ایئرٹریفک میں خلل کے بعد تمام اندرونی پروازیں عارضی طور پر معطل کرنے کے احکامات جاری کردیے تھے۔

بیان میں کہا گیا تھا کہ نظام میں خرابی کی اطلاع پر ایئرلائنز اور ایئرپورٹس میں مسائل پیدا ہوئے جبکہ وائٹ ہاؤس نے بیان میں کہا کہ تاحال سائبر حملے کے بارے میں کوئی ثبوت نہیں ملے۔

ایف اے اے نے بتایا کہ پروازیں صبح 9 بجے سے معطل کردی گئی تھیں لیکن ایئرٹریفک میں دباؤ کی وجہ سے نیویارک اور اٹلانٹا سے پروازوں کی روانگی شروع کردی گئی ہے۔

بیان میں کہا گیا کہ نوٹس ٹو ایئرمشن سسٹم (نوٹام) میں خرابی سے ایک بنیادی عمل بیٹھ گیا تھا جو پرواز کے عملے کو رکاوٹوں، ایئرپورٹ سہولیات میں تبدیلی اور دیگر اہم معلومات کے بارے میں آگاہ کرتا ہے۔

ایف اے اے نے کہا کہ تعطل سے ایجنسی کو پروازوں کے استحکام اور تحفظ کے حوالے سے معلومات دینے کا نظام بہتر کیا جائے۔

امریکی صدر جو بائیڈن نے صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ انہیں ٹرانسپورٹیشن سیکریٹری نے بریفنگ دی ہے کہ جہاز بحفاظت لینڈ کرسکتے ہیں اور اس وقت صرف روانگی نہیں ہو رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس خرابی کی وجہ انہیں معلوم نہیں اور توقع ہے کہ چند گھنٹوں میں وہ بہتر سمجھ جائیں گے اور خرابی بھی ختم ہوجائے گی۔

دوسری جانب ایف اے اے نے اپنے بیان میں کہا کہ نوٹس ٹو ایئر مشن سسٹم کی مکمل بحالی کے لیے کام جاری ہے اور چند چیزیں فعال ہو رہی ہیں اور نیشنل ایئراسپیس سسٹم آپریشن بدستور محدود ہے۔

وائٹ ہاؤس کی پریس سیکریٹری کیرین جین پیر نے ٹوئٹ میں بتایا کہ اس موقع پر سائبر حملے کا کوئی ثبوت نہیں ملا جبکہ صدر بائیڈن نے وجوہات معلوم کرنے کے لیے مکمل تفتیش کی ہدایت کردی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایف اے اے صورت حال سے آگاہ کرتی رہے گی۔

رپورٹ کے مطابق فلائٹ ٹریکنگ ویب سائٹ فلائٹ اویئر کے مطابق امریکا میں مقامی وقت کے مطابق صبح 8:30 بجے سے کم از کم 3 ہزار 700 پروازیں تاخیر کا شکار ہوئیں۔

امریکی ایئرلائنز نے بتایا کہ صورت حال کا جائزہ لیا جا رہا ہے اور ایف اے اے کے ساتھ مل کر آپریشن کی بحالی کے لیے کام ہو رہا ہے۔

امریکا کے سیکریٹری ٹرانسپورٹیشن نے بتایا کہ وہ اس حوالے سے ایف اے اے حکام سے رابطے میں ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ میں نے آج صبح ایف اے اے سے مذکورہ خرابی کے بارے میں رابطہ کیا تھا اور اس مسئلے کو حل کرنے کے لیے کام جاری ہے۔

رپورٹ کے مطابق امریکا میں پروازوں کے تعطل کا مسئلہ کرسمس کی چھٹیوں کے اختتام پر زیادہ رش اور غیر متوقع سردی کے باعث ہزاروں پروازوں کی تاخیر یا منسوخی کے بعد سامنے آیا ہے۔

زیادہ متاثرہ ہونے والے جنوب مغربی علاقوں میں 8 دنوں میں 15 ہزار سے زائد پروازیں منسوخ ہوئیں۔

تبصرے (0) بند ہیں