بااثر افراد کا اسلام آباد پولیس میں بھرتیوں پر اثرانداز ہونے کی کوشش کا انکشاف

29 جنوری 2023
کیپیٹل پولیس کے حکام نے بتایا کہ کانسٹیبلز کی ایک ہزار 685 خالی آسامیاں پُر کی جا رہی ہیں— فائل فوٹو: اے این پی
کیپیٹل پولیس کے حکام نے بتایا کہ کانسٹیبلز کی ایک ہزار 685 خالی آسامیاں پُر کی جا رہی ہیں— فائل فوٹو: اے این پی

اسلام آباد پولیس کو بااثر افراد کی جانب سے اپنے خاص آدمیوں کو کانسٹیبل کی اسامیوں پر بھرتی کروانے کے لیے سیکڑوں تحریری اور زبانی درخواستیں اور سفارشات موصول ہوئی ہیں۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب مذکورہ اسامیوں کے لیے بھرتیوں کا عمل جاری ہے۔

کیپیٹل پولیس کے حکام نے بتایا کہ کانسٹیبلز کی ایک ہزار 685 خالی آسامیاں پُر کی جا رہی ہیں اور ملک بھر سے ہزاروں نوجوانوں نے ان کے لیے درخواستیں دی ہیں۔

پولیس فورس میں اپنے خاص آدمیوں کی تعیناتی کے لیے پولیس سے رجوع کرنے والوں میں سیاستدان، بیوروکریٹس اور دیگر بااثر لوگ شامل ہیں۔

وزیراعظم کے ایک معاون خصوصی (ایس اے پی ایم) بھی ان لوگوں میں شامل ہیں جنہوں نے 29 درخواست گزاروں کی بھرتی کے لیے پولیس پر اثر انداز ہونے کی کوشش کی۔

ان 29 درخواست گزاروں میں سے 21 کا ڈومیسائل خیبرپختونخوا کا ہے، ان میں سے 5 کا تعلق اسلام آباد سے ہے جبکہ ایک پنجاب اور ایک بلوچستان سے ہے۔

’اسلام آباد پولیس میں بطور کانسٹیبل تعیناتی‘ کے عنوان سے انسپکٹر جنرل کے نام اپنے 2 علیحدہ علیحدہ خطوط میں وزیراعظم کے معاون خصوصی نے کہا کہ ’اسلام آباد کیپیٹل ٹیریٹری پولیس میں کانسٹیبلز (بی پی ایس-7) کے عہدے پر تعیناتی کے لیے درج ذیل افراد کی سفارش کی جاتی ہے، اگر ان کی تعیناتی پر غور کیا جائے تو میں شکر گزار ہوں گا‘۔

اسلام آباد پولیس نے ڈیڑھ دہائی کے بعد کانسٹیبل کی ایک ہزار 685 آسامیوں کا اشتہار دیا اور ایک لاکھ 48 ہزار سے زائد درخواستیں موصول کیں۔

ڈی آئی جی اویس احمد کی سربراہی میں ریکروٹمنٹ بورڈ اور ایس ایس پی ڈاکٹر خرم رشید کی سربراہی میں ریکروٹمنٹ کمیٹی تشکیل دی گئی۔

جانچ پڑتال کے بعد فزیکل ٹیسٹ کے لیے ایک لاکھ 10 ہزار درخواستیں منظور کی گئیں اور صرف 26 ہزار درخواست دہندگان ہی کامیاب ہوئے۔

حکام نے بتایا کہ تحریری امتحانات میں 50 فیصد نمبر معروضی اور 50 فیصد موضوعاتی سوالات کے تھے۔

سپورٹس کمپلیکس میں ہونے والے تحریری امتحان میں مجموعی طور پر 8 ہزار 800 امیدوار کامیاب ہوئے جن کے پیپرز یونیورسٹیوں کے طلبہ نے چیک کیے۔

اب کامیاب امیدواروں کو انٹرویو کے لیے بلایا جا رہا ہے، اگلے ہفتے تک انٹرویو کا عمل مکمل ہونے کا امکان ہے جس کے بعد میرٹ لسٹ آویزاں کی جائے گی۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں