امریکا: مشی گن اسٹیٹ یونیورسٹی میں فائرنگ، 3 افراد ہلاک

اپ ڈیٹ 14 فروری 2023
مشی گن اسٹیٹ یونیورسٹی اعلیٰ تعلیم کا ایک بڑا ادارہ ہے — فوٹو: اے ایف پی
مشی گن اسٹیٹ یونیورسٹی اعلیٰ تعلیم کا ایک بڑا ادارہ ہے — فوٹو: اے ایف پی

امریکی ریاست مشی گن کے شہر ایسٹ لانسنگ میں واقع ’مشی گن اسٹیٹ یونیورسٹی‘ میں ایک بندوق بردار کی فائرنگ سے کم از کم 3 افراد ہلاک اور 5 زخمی ہو گئے۔

خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ کی رپورٹ کے مطابق پولیس نے بتایا کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے مرکزی کیمپس میں مشتبہ شخص کی تلاش میں مصروف ہیں، واقعے کے بارے میں باضابطہ تفصیلات فوری طور پر دستیاب نہیں ہیں۔

تاہم یونیورسٹی پولیس کے عبوری نائب سربراہ کرس روزمین نے کہا کہ فائرنگ کا واقعہ 2 مقامات پر پیش آیا، ایک واقعہ برکی ہال نامی ایک اکیڈمک بلڈنگ میں اور دوسرا مشی گن اسٹیٹ یونیورسٹی یونین کی عمارت میں پیش آیا۔

کرس روزمین نے میڈیا بریفنگ میں صحافیوں کو بتایا کہ پولیس نے مقامی وقت کے مطابق شام 8 بجے کے فوراً بعد شروع ہونے والی فائرنگ کا جواب دیا اور دونوں مقامات پر متاثرین کو تلاش کیا۔

انہوں نے تصدیق کی کہ کم از کم 5 زخمیوں کو ہسپتال منتقل کیا گیا ہے جن میں سے کچھ کی حالت انتہائی تشویشناک ہے، بعد ازاں پولیس نے ٹوئٹر کے ذریعے تازہ اطلاعات جاری کرتے ہوئے کہا کہ واقعے میں کم از کم 3 لوگ مارے گئے ہیں۔

پولیس نے بتایا کہ پہلی گولی چلنے کے چند گھنٹے بعد کیمپس کی کئی عمارتوں کو پولیس نے کلیئر کرلیا تھا، افسران نے ممکنہ اضافی متاثرین اور ایک مشتبہ شخص کی تلاش کے لیے کیمپس کو گھیرے میں لے لیا تھا۔

کیمپس سے باہر کے علاقوں میں طلبہ، اساتذہ اور رہائشیوں کو حکام نے محفوظ جگہ پر پناہ لینے کی تاکید کی جبکہ حملہ آور کی تلاش جاری ہے۔

کرس روزمین نے بتایا کہ ابتدائی معلومات کے مطابق مشتبہ شخص ماسک پہنا ہوا ایک چھوٹے قد کا مرد تھا، اسے آخری بار یونیورسٹی کی عمارت سے پیدل بھاگتے ہوئے دیکھا گیا۔

گورنر گریچین وائٹمر نے اپنی ایک ٹوئٹ میں کہا کہ انہیں ایسٹ لانسنگ شوٹنگ کے بارے میں بریفنگ دی گئی ہے۔

مشی گن اسٹیٹ یونیورسٹی اعلیٰ تعلیم کا ایک بڑا ادارہ ہے جس کے ایسٹ لانسنگ کیمپس میں 50 ہزار گریجویٹ اور انڈرگریجویٹ طلبہ ہیں، یونیورسٹی پولیس نے گزشتہ شب کہا کہ تمام کلاسز اور کیمپس کی سرگرمیاں آئندہ 48 گھنٹوں کے لیے منسوخ کردی گئی ہیں۔

تقریباً 14 ماہ قبل 30 نومبر 2021 کو ایسٹ لانسنگ سے تقریباً 80 میل مشرق میں مشی گن کے آکلینڈ کاؤنٹی کے آکسفورڈ ہائی اسکول میں بھی فائرنگ کا واقعہ پیش آیا تھا جس میں ایک 15 سالہ طالب علم نے خودکار پستول سے گولیاں چلائی تھیں، اس واقعے میں حملہ آور طالب علم کے 4 ہم جماعت ہلاک اور 6 دیگر طالب علم اور ایک استاد زخمی ہوگئے تھے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں