امریکا: قتل کے واقعے کی رپورٹنگ ٹیم پر حملہ، صحافی جاں بحق

اپ ڈیٹ 24 فروری 2023
حملے کے مقام سے ایک خاتون صحافی رپورٹنگ کر رہی ہیں — فوٹو: رائٹرز
حملے کے مقام سے ایک خاتون صحافی رپورٹنگ کر رہی ہیں — فوٹو: رائٹرز

امریکی ریاست فلوریڈا میں مسلح شخص نے قتل کے واقعے کی رپورٹنگ کرنے والے دو صحافیوں پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں ایک صحافی جاں بحق اور دوسرا زخمی ہوگیا۔

ڈان اخبار میں شائع ’رائٹرز‘ کی رپورٹ کے مطابق فلوریڈا کے شہر اورلینڈو کے حکام کا کہنا تھا کہ گھر کے قریب ایک 9 سالہ بچی کو قتل کرنے کے بعد والدہ کو زخمی کرنے والے شخص نے دو صحافیوں پر بھی گولیاں چلادیں۔

رپورٹ کے مطابق اورنج کاؤنٹی شیرف جان مینا نے کہا کہ پائن ہلز کے اورلینڈو کے مضافاتی علاقے میں ٹی وی نیوز ٹیم، ماں اور بیٹی پر حملہ کرنے کے جرم میں ایک شخص کو فوری طور پر گرفتار کیا گیا ہے جس کی شناخت 19 سالہ کیتھ میلون موسیس کے طور پر ہوئی ہے۔

کیتھ میلون موسیس کو دونوں قتل کے حملوں میں گرفتار کیا گیا ہے اور اس پر 20 سالہ لڑکی کو قتل کرنے کا بھی باضابطہ طور پر مقدمہ درج کیا گیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق دونوں صحافی اس قتل کے معاملے پر ٹی وی کے لیے رپورٹنگ کر رہے تھے جن پر یہ حملہ ہوا۔

حکام نے کہا کہ حملہ کی زد میں آنے والے صحافیوں میں ایک رپورٹر اور ایک فوٹوگرافر شامل ہیں جو کہ سینٹرل فلوریڈا کیبل ٹی وی آؤٹ لیٹ ’اسپیکٹرم نیوز 13‘ کے لیے کام کرتے تھے، تاہم حملے کا شکار متاثرین میں سے کسی کی بھی شناخت نہیں ہوئی۔

تبصرے (0) بند ہیں