شمالی وزیرستان: فورسز اور دہشتگردوں میں فائرنگ کا تبادلہ، 2 جوان شہید

اپ ڈیٹ 27 فروری 2023
آئی ایس پی آر کا کہنا تھا پاک فوج دہشتگردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہے—فوٹو: آئی ایس پی آر
آئی ایس پی آر کا کہنا تھا پاک فوج دہشتگردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہے—فوٹو: آئی ایس پی آر

شمالی وزیرستان کے علاقے اسپن وام میں سیکیورٹی فورسز کے آپریشن کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں 2 دہشت گرد ہلاک جبکہ پاک فوج کے 2 جوان شہید ہو گئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق شمالی وزیرستان کے علاقے اسپن وام میں سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا، سیکیورٹی فورسز نے مؤثر طریقے سے دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا، کارروائی میں 2 دہشت گرد ہلاک اور 2 گرفتار کرلیے گئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گردوں سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا، دہشت گرد سیکیورٹی فورسز کے خلاف دہشت گردی کی کارروائیوں اور معصوم شہریوں کے قتل میں ملوث تھے۔

بیان میں کہا گیا کہ شدید فائرنگ کے تبادلے میں ضلع باجوڑ سے تعلق رکھنے والے 25 سالہ سپاہی عمران اللہ اور ضلع اپر دیر کے 21 سالہ سپاہی افضل خان نے بہادری سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کیا۔

آئی ایس پی آر کا مزید کہنا تھا کہ پاک فوج دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہے، ہمارے بہادر جوانوں کی ایسی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔

بیان میں کہا گیا کہ دہشت گردوں کے خاتمے تک علاقے میں سرچ آپریشن جاری رہے گا۔

وزیراعظم سمیت دیگر رہنماؤں کا پاک فوج کے شہدا کو خراج عقیدت

وزیر اعظم شہباز شریف نے شمالی وزیرستان کے علاقے اسپن وام میں دہشت گردوں سے فائرنگ کے تبادلے میں شہید ہونے والے پاک فوج کے سپاہی عمران اللہ اور سپاہی افضل خان کو خراج عقیدت کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم شہدا کو سلام پیش کرتی ہے اور اپنی سیکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے دہشت گردوں کے خلاف کامیاب کارروائی پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا۔

انہوں نے کہا کہ ہماری مسلح افواج اور قانون نافذ کرنے والے ادارے دہشت گردوں کے مذموم مقاصد کی راہ میں آہنی دیوار ہیں، پوری قوم شہدا کو سلام پیش کرتی ہے اور اپنی سیکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

انہوں نے شہدا کے بلند درجات کے لیے دعا اور لواحقین سے اظہار تعزیت کیا ہے۔

ادھر پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین اور وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے بھی دہشت گردوں کے خلاف آپریشن میں پاک فوج کے جوانوں کی شہادت پر لواحقین سے اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ شمالی وزیرستان میں آپریشن کے دوران جام شہادت نوش کرنے والے جوان مادرِ وطن کے بہادر سپوت تھے۔

میڈیا سیل بلاول ہاؤس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ قوم اپنے جوانوں سپاہی عمران اللہ شہید سپاہی افضل خان شہید کی ہمیشہ مقروض رہے گی۔

انہوں نے شہدا کے لواحقین سے دلی تعزیت اور یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی قوم دہشت گردوں کو پہلے بھی شکست دے چکی، اب ان کا نام و نشان تک نہ چھوڑنے کا عزم رکھتی ہے۔

دوسری جانب اسپیکر قومی اسمبلی راجا پرویز اشرف اور ڈپٹی اسپیکر زاہد اکرم درانی نے 2 سیکیورٹی فورسز کے اہلکاروں کے جانی نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔

اپنے بیان میں انہوں شہدا کے اہل خانہ سے تعزیت اور دلی ہمدردی کا اظہار کیا، انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کی بزدلانہ کارروائیاں سیکیورٹی فورسز کے دہشت گردی کے خلاف غیر متزلزل عزم کو متزلزل نہیں کر سکتیں۔

انہوں نے کہا کہ وطن کے دفاع کی خاطر اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے بہادر سپوتوں پر پوری قوم کو فخر ہے۔

انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ شہدا کے درجات بلند اور سوگوار خاندانوں کو اس ناقابل تلافی نقصان کو برداشت کرنے کے لیے صبر جمیل عطا کرے۔

تبصرے (0) بند ہیں