بولی وڈ کی دراز قد اداکارہ کریتی سنن کا کہنا ہے کہ جب کہ وہ شوبز انڈسٹری کا حصہ نہیں بنی تھیں تب انہیں اپنی سہیلیاں، دوست اور رشتے دار پہلے شادی کا مشورہ دیتے تھے اور کہتے تھے لوگ اداکاراؤں سے شادی نہیں کرتے۔

کریتی سنن نے 2014 میں تیلگو فلم سے اپنے کیریئر کا آغاز کیا، بعد ازاں انہوں نے بولی وڈ فلموں میں ٹائیگر شروف کے ساتھ ’ہیرو پنتی‘ میں کام کیا، جس پر انہیں ایوارڈ بھی دیا گیا۔

گزشتہ چند سال میں کریتی سنن نے متعدد بولی وڈ فلموں میں شاندار اداکاری کی ہے اور ان کا شمار اب اے لسٹر اداکاراؤں میں ہونے لگا ہے۔

حال ہی میں انہوں نے ’پنک ولا‘ کو دیے گئے انٹرویو میں بتایا کہ اداکارہ بننے سے قبل وہ بہت شرمیلی ہوتی تھیں جب کہ وہ دوستوں اور لوگوں میں مل گھل جانے پر بھی یقین نہیں رکھتی تھیں۔

اداکارہ کے مطابق ان کی والدہ انہیں سمجھاتی رہیں کہ شوبز میں وہ کامیاب نہیں ہو سکیں گی، کیوں کہ ان میں اداکارہ بننے والی لڑکیوں جیسا اعتماد اور ٹیلنٹ نہیں ہے۔

ان کے مطابق ان کی والدہ کا خیال تھا کہ شرمیلی ہونے کی وجہ سے وہ اداکارہ نہیں بن پائیں گی جب کہ ان کے اہل خانہ بھی شوبز انڈسٹری سے متعلق اچھی سوچ نہیں رکھتے تھے۔

کریتی سنن کا کہنا تھا کہ شوبز انڈسٹری کے حوالے سے عام لوگوں میں منفی خیالات پائے جاتے ہیں، عام لوگ انڈسٹری کے حوالے سے زیادہ مثبت خیالات نہیں رکھتے۔

بولی وڈ اداکارہ کا کہنا تھا کہ لوگ انہیں کہتے تھے کہ فلم انڈسٹری گلیمرس کی دنیا ہے، وہ اچھی لڑکیوں کی جگہ نہیں۔

اداکارہ نے بتایا کہ یہاں تک کہ لوگوں کو لگتا ہے کہ اداکارہ بننے کے بعد لڑکیوں کی شادی نہیں ہوتی، اس لیے اداکاری کرنے والی خواتین کو پہلے شادی کرنی چاہئیے۔

کریتی سنن کے مطابق انہیں ان کی سہیلیاں، دوست اور ہم عمر افراد کہتے تھے کہ اداکاراؤں سے لوگ شادی نہیں کرتے اور ان کی بھی شادی نہیں ہوگی، اس لیے پہلے شادی کرلو۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں