پاکستان مسلم لیگ (ن) کی چیف آرگنائزر مریم نواز کا کہنا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان اپنے سیاسی جلسوں میں ان کی ازدواجی زندگی پر بات کرکے انہیں ایک طرح سے ہراساں کرتے ہیں۔

عمران خان سیاسی تقاریر کے دوران جہاں مرد سیاست دانوں پر تنقید کرتے دکھائی دیتے ہیں، وہیں وہ مریم نواز کے حوالے سے بھی متنازع باتیں کرتے رہتے ہیں۔

مئی 2022 میں عمران خان نے ایک جلسے میں مریم نواز کے حوالے سے بیان دیا تھا، جس پر پی ٹی آئی چیئرمین کو تنقید کا نشانہ بھی بنایا گیا تھا۔

عمران خان نے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ انہیں کسی نے مریم نواز کی تقریر کا کلپ بھیجا، جس میں وہ بار بار ان کا نام لے رہی ہیں۔

ساتھ ہی عمران خان نے مریم نواز کو مخاطب ہوتے ہوئے کہا تھا کہ ’مریم دیکھو، تھوڑا دھیان کرو، تمہارا خاوند ہی ناراض نہ ہوجائے، جس طرح تم اتنے جذبے سے میرا نام لیتی ہو‘۔

عمران خان کو ایسا بیان دینے پر تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا، تاہم مریم نواز نے انہیں کوئی جواب نہیں دیا تھا لیکن اب انہوں نے ایک سال بعد انہیں جواب دیا ہے۔

مریم نواز نے عالمی یوم خواتین کے موقع پر مسلم لیگ (ن) کی خواتین کے ایک جلسے میں خطاب کرتے ہوئے سیاست سمیت دیگر شعبوں میں خواتین کو پیش آنے والی مشکلات پر بات کرنے سمیت خود کو پیش آنے والے مسائل کا بھی ذکر کیا۔

مریم نواز نے اپنی تقریر میں کہا کہ اگرچہ وہ ایک سیاسی اور طاقتور گھرانے سے تعلق رکھتی ہیں اور ان کے والد سمیت ان کے بھائی خاندان کے دوسرے مرد بھی ان کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں، تاہم اس کے باجود انہیں بھی ہراسانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ جب وہ خود کے ساتھ پیش آنے والے ہراسانی کے واقعے کا ذکر کریں گی تو انہیں یقین ہے کہ بہت ساری ملازمت پیشہ خواتین ان کی بات سے اتفاق کریں گی۔

انہوں نے بتایا کہ ان پر تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان ذاتی حملے کرتے ہیں جب کہ وہ ان پر سیاسی تنقید کرتی ہیں۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ عمران خان اپنے جلسوں میں ان کی شادی کا ذکر کرتے ہیں، حالانکہ ان کے والدین اور دادا نے ان کی شادی دھوم دھام سے کی تھی اور وہ آج تک شادی کو نبھا رہی ہیں جو کہ بہت بڑی بات ہے۔

انہوں نے کہا کہ وہ خاتون ہونے کے ناطے عمران خان کا نام لینا بھی پسند نہیں کرتیں لیکن کیا کریں کہ وہ مجبور ہیں۔

مسلم لیگ (ن) کی چیف آرگنائزر کا کہنا تھا کہ عمران خان جلسے میں انہیں کہتے ہیں کہ ’مریم نواز، تم اتنی بار میرا نام لیتی ہوں، کہیں تمہارا شوہر تم سے ناراض نہ ہوجائے‘۔

اسی دوران مریم نواز نے عمران خان کی نقل بھی اتاری اور بتایا کہ وہ کس انداز میں ان کی ازدواجی زندگی سے متعلق بات کرتے ہیں۔

مسلم لیگ (ن) کی چیف آرگنائزر نے خواتین کو مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ وہ عمران خان کے مذکورہ جملوں پر ذرا خیال کریں اور پھر سوچیں کہ وہ ان کی بیٹی کی عمر کی ہیں اور وہ ان سے متعلق کہا جملے کستے ہیں؟

ان کا مزید کہنا تھا کہ جب عمران خان کو اپنی بیٹی کی عمر کی خواتین پر جملے کسنے ہوتے ہیں تب وہ جوان بن جاتے ہیں لیکن بعد میں عدالتوں کا سامنا کرتے وقت وہ بوڑھے ہوجاتے ہیں، ان کی عمر 72 سال ہوجاتی ہے۔

خطاب کے دوران مریم نواز نے تحریک انصاف کو بھی آڑے ہاتھوں لیا اور بتایا کہ مذکورہ سیاسی جماعت میں خواتین کو ہراساں کیا جاتا ہے، ان کا استحصال کیا جاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ عام طور پر خواتین کی حفاظت کے لیے مرد حضرات موجود ہوتے ہیں، تاہم عمران خان کی حفاظت کے لیے خواتین ہوتی ہیں۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ ان کی جماعت میں خواتین کی عزت کی جاتی ہے، تاہم ساتھ ہی انہوں نے اتفاق کیا کہ مسلم لیگ (ن) کے مقابلے پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) میں خواتین کی اور زیادہ اہمیت ہوتی ہے اور وہ ایک بہترین سیاسی جماعت ہے۔

ان کے مطابق تحریک انصاف کے جلسے میں خواتین کے حصے میں مرد زبردستی گھس آتے ہیں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں