خیبر پختونخوا میں انتخابات کی تاریخ پر مشاورت کیلئے الیکشن کمیشن کا گورنر کو خط

اپ ڈیٹ 09 مارچ 2023
الیکشن کمیشن نے 14مارچ کو مشاورت کے لیے منعقد اجلاس میں گورنر خیبر پختونخوا کو شرکت کی دعوت دے دی— فائل فوٹو: اے ایف پی
الیکشن کمیشن نے 14مارچ کو مشاورت کے لیے منعقد اجلاس میں گورنر خیبر پختونخوا کو شرکت کی دعوت دے دی— فائل فوٹو: اے ایف پی

خیبر پختونخوا میں صوبائی اسمبلی کے انتخابات کی تاریخ کے معاملے پر مشاورت کے لیے الیکشن کمیشن نے گورنر حاجی غلام علی کو خط لکھ کر 14مارچ کو الیکشن کمیشن سیکریٹریٹ آنے کی دعوت دی ہے۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے گورنر خیبر پختونخوا حاجی غلام علی کو بھیجے گئے مراسلے میں کہا گیا ہے کہ صوبائی اسمبلی کے عام انتخابات کے انعقاد کے حوالے سے حتمی مشاورت کے لیے آپ کو 14مارچ کو دو بجے ہونے والے اجلاس میں شرکت کی دعوت دی جاتی ہے۔

گورنر خیبرپختونخوا الیکشن کمیشن کے اس اہم اجلاس میں شرکت کریں گے جس میں خیبرپختونخوا میں انتخابات کی تاریخ پر مشاورت کی جائے گی۔

یاد رہے کہ سپریم کورٹ کے احکامات کے بعد الیکشن کمیشن نے گورنر خیبرپختونخوا کو انتخابات کے لیے تاریخ دینے کے لیے خط لکھا تھا جبکہ گورنر غلام علی نے تاریخ دینے کے بجائے الیکشن کمشن حکام کو تفیصلی مشاورت کے لیے جوابی خط لکھ کر پشاور آنے کی تجویز دی تھی۔

سپریم کورٹ نے گزشتہ ہفتے از خود نوٹس کیس کے فیصلے میں کہا تھا کہ پنجاب اور خیبر پختونخوا اسمبلیوں کے انتخابات 90 روز کی مقررہ مدت میں کرائے جائیں۔

سپریم کورٹ نے فیصلے میں یہ بھی کہا تھا کہ صدر مملکت اور گورنر خیبر پختونخوا الیکشن کمیشن پاکستان کی مشاورت سے بالترتیب پنجاب اور خیبر پختونخوا اسمبلیوں کی تاریخیں طے کریں گے۔

عدالتی حکم کی تعمیل میں خیبرپختونخوا کے گورنر غلام علی نے 6 مارچ کو صوبائی اسمبلی کے انتخابات کے لیے الیکشن کمیشن کو مشاورت کی دعوت دی تھی۔

گورنر کے اصرار پر مشاورت کے لیے 8 مارچ کی تاریخ طے پائی تھی لیکن خیبرپختونخوا میں انتخابات کی تاریخ طے کرنے کے لیے گورنر حاجی غلام علی اور الیکشن کمیشن آف پاکستان کا مشاورتی اجلاس بے نتیجہ ختم ہو گیا تھا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں